ملک تاجروں نہیں، عوام کی مرضی سے چلنا چاہیے، وزیراعظم اتحادیوں کو اعتماد میں لیں: بلاول بھٹو
اپوزیشن سے نئے تنازعات پیدا کرنے کے بجائے افہام و تفہیم سے کام لیا جائے، سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھر تعمیر کر دیے، منصوبہ مکمل ہونے پر تعداد 20 لاکھ ہو جائے گی، چیئرمین پیپلز پارٹی
کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو نئے سرے سے ترتیب دینے کی ضرورت ہے اور اسے تاجروں اور کاروباری طبقے کی خواہشات کے بجائے عوام کی مرضی کے مطابق چلانا ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو چاہیے کہ پہلے اپنے اتحادیوں کو اعتماد میں لیں اور اپوزیشن کے ساتھ نئے تنازعات پیدا کرنے کے بجائے افہام و تفہیم اور سیاسی تعاون کو فروغ دیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ری ہیبیلیٹیشن (ایس پی ایچ ایف) کے تحت 10 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھر تعمیر کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ ان کے مطابق منصوبے کی تکمیل پر گھروں کی تعداد 20 لاکھ تک پہنچائی جائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف سندھ اور پاکستان بلکہ دنیا بھر میں گھروں کی تعمیر کے بڑے منصوبوں میں شامل ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اس سے قبل زیادہ گھروں کی تعمیر کا ریکارڈ نیپال کے پاس تھا، جہاں سات لاکھ گھر بنائے گئے تھے، جبکہ سندھ حکومت اب تک 10 لاکھ گھر تعمیر کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے گھروں کی تعمیر اور مفت علاج جیسے منصوبوں کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ حکومتوں سے عوام کی توقعات تقسیم اور لڑائی کی سیاست نہیں بلکہ زندگی آسان بنانے اور بنیادی مسائل حل کرنے کی ہوتی ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے سندھ حکومت پر کرپشن کے الزامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس منصوبے میں بدعنوانی ہوئی ہوتی تو سیلاب متاثرین کو گھر فراہم نہ کیے جاتے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا کہ عالمی اداروں کو منصوبے کے آڈٹ کی دعوت دی جائے تاکہ اس کی شفافیت کا جائزہ لیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کے ساتھ روزگار کے 10 لاکھ مواقع بھی پیدا ہوئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے سیاسی نظام کو نئے سرے سے استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات اور محاذ آرائی کے بجائے مل کر کام کرنا چاہیے۔ عوام سیاسی لڑائی نہیں بلکہ ریلیف چاہتے ہیں، اس لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کا ساتھ دیا اور صوبے کو یہ احساس نہیں ہونے دیا کہ وہ وفاق سے الگ ہے۔ ان کے مطابق اس سے قبل آنے والی وفاقی حکومت کے دور میں بھی سندھ میں سیلاب آیا تھا، لیکن صوبے کو مالی مدد فراہم نہیں کی گئی تھی۔
سندھ کے تعلیمی مسائل پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2023 کے سیلاب میں صوبے کے 50 فیصد تعلیمی ادارے تباہ ہوئے تھے، جبکہ 2010 کے سیلاب میں بھی تعلیمی اداروں کو اسی نوعیت کا نقصان پہنچا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے تعلیمی بحران پر بات کرتے ہوئے قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 10 لاکھ گھروں کی تعمیر دنیا کے بڑے ہاؤسنگ منصوبوں میں ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ سندھ کے 23 اضلاع میں سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ موسمیاتی اثرات سے محفوظ گھر تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تعمیر کیے گئے گھروں کی جیو ٹیگنگ اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے تصدیق کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ابتدا میں جب بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کے لیے گھر تعمیر کرنے کی ہدایت کی تو متعلقہ حکام نے اسے ناممکن قرار دیا تھا، تاہم بلاول بھٹو زرداری نے منصوبے پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی اور اسے ممکن بنانے کی ذمہ داری لی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری کا وژن نہ ہوتا تو یہ منصوبہ ممکن نہیں تھا۔



