انٹر نیشنلبلاگپاکستانتازہ ترینکالم

ٹرمپ ہار کے بعد۔

​ میاں حبیب۔۔۔۔۔۔سپیڈ بریکر

​امریکہ سپر پاور ہونے کے ناطے دنیا پر اثر انداز ہوتا ہے اور وہاں ہونے والی تبدیلیوں کے گہرے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی دنیا کی نظریں ہمیشہ امریکی امور پر مرکوز رہتی ہیں۔​حال ہی میں امریکہ میں ہونے والے مڈٹرم انتخابات کو پوری دنیا نے غور سے آبزرو کیا اور اب اس کے نتائج پر تبصرے و تجزیے جاری ہیں۔ ان مڈٹرم انتخابات کے اثرات مختلف پہلوؤں سے زیرِ بحث ہیں اور سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے باقی ماندہ دو سال کیسے گزریں گے؟ کیا ٹرمپ کے مزاجِ گرامی میں کوئی تبدیلی آئے گی یا نہیں؟ وہ ایران کے ساتھ ممکنہ جنگ سے واپسی کا راستہ اختیار کریں گے یا ایران پر شدید ایٹمی حملہ کر دیں گے؟
​چونکہ ٹرمپ لاابالی اور من موجی طبیعت کے مالک ہیں، اس لیے ان سے کچھ بھی  بعید نہیں کہ وہ کب کیا کر گزریں۔ بہت سے لوگ اس خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ شاید امریکی عوام نے ووٹوں کے ذریعے ٹرمپ کے پر کاٹ دیے ہیں اور اب وہ اپنی من مانی پرواز جاری نہیں رکھ سکیں گے، لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے۔ بلاشبہ، انھیں اب ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں وہ برتری حاصل نہیں رہی، لیکن جنوری تک دونوں ایوانوں میں ان کے پاس اکثریت موجود ہے۔ وہ اپنے آپ کو محفوظ بنانے کے لیے آئندہ دو سالوں کی اہم تعیناتیوں کی منظوری جنوری سے قبل ہی ایوان سے حاصل کر لیں گے۔ علاوه ازیں، ان کے پاس ویٹو کا اختیار بھی موجود ہے، تاہم اب وہ بالکل ‘شترِ بے مہار’ نہیں رہیں گے بلکہ انھیں ایوان کی سخت مانیٹرنگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
​امریکی تاریخ میں یہ کوئی پہلی بار نہیں ہوا کہ برسرِ اقتدار صدر دونوں ایوانوں میں اکثریت کھو بیٹھا ہو۔ تاریخ میں متعدد بار ایسا ہوا ہے کہ صدر کی پارٹی مڈٹرم انتخابات میں بری طرح شکست کھا جائے اور صدر کو اپنے دورِ حکومت کے باقی دو سالوں میں کانگریس کے دونوں ایوانوں (ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ) میں بطور اقلیت موجود رہے۔ امریکی سیاست میں اس صورتحال کو "تقسیم شدہ حکومت” (Divided Government) کہا جاتا ہے، اور مڈٹرم انتخابات میں حکمران جماعت کا ہارنا ایک  معمول رہا ہے۔
​امریکی تاریخ کی چند نمایاں مثالیں درج ذیل ہیں:
​1. 2010 کے مڈٹرم انتخابات: صدر باراک اوباما کی ڈیموکریٹک پارٹی کو تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ریپبلکن پارٹی نے ایوانِ نمائندگان (House of Representatives) میں 63 نشستیں جیت کر بھاری اکثریت حاصل کر لی۔ صدر اوباما نے پریس کانفرنس میں اس شکست کو اپنے لیے "شیلکنگ” (Shellacking – زبردست شکست) قرار دیا تھا۔ اس کے بعد ان کے لیے نئی قانون سازی کرنا انتہائی مشکل ہو گیا تھا۔
​2. 1994ء کے مڈٹرم انتخابات: صدر بل کلنٹن کے پہلے دور کے دو سال بعد 1994ء میں ایک سیاسی زلزلہ آیا جسے "ریپبلکن ریولوشن” (Republican Revolution) کہا جاتا ہے۔ ریپبلکنز نے 40 سال میں پہلی بار ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کر لی (ایوانِ نمائندگان میں 54 اور سینیٹ میں 8 نشستیں جیتیں)۔ صدر کلنٹن کی اکثریت ختم ہو گئی، جس کے بعد انھیں پالیسیوں اور بجٹ پر ریپبلکنز کے ساتھ سخت سمجھوتے کرنے پڑے۔
​3. 2006ء کے مڈٹرم انتخابات: عراق جنگ اور طوفانِ کیٹرینا (Katrina) کے بعد صدر جارج ڈبلیو بش کی مقبولیت میں شدید کمی آئی۔ 2006ء کے مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کر لی (ایوان میں 31 اور سینیٹ میں 6 نشستیں جیتیں)۔ صدر بش نے اس شکست کو "تھمپنگ” (Thumping – زبردست ہار) کا نام دیا تھا۔
​4. 1986ء کے مڈٹرم انتخابات: اگرچہ رونالڈ ریگن انتہائی مقبول صدر تھے، لیکن 1986ء کے مڈٹرم انتخابات میں ان کی پارٹی سینیٹ میں اکثریت کھو بیٹھی۔ ایوانِ نمائندگان پہلے ہی ڈیموکریٹس کے پاس تھا، 1986ء کے بعد سینیٹ بھی ان کے ہاتھ میں چلی گئی اور ریگن کے آخری دو سال میں  ڈیموکریٹس کا دونوں ایوانوں پر مکمل ہولڈ قائم ہو گیا۔
​اگر تاریخی پس منظر میں دیکھا جائے تو 1945ء کے بعد سے اب تک تقریباً ہر مڈٹرم الیکشن میں صدر کی پارٹی ہی نشستیں ہارتی آئی ہے (سوائے 1998ء اور 2002ء کے)۔ امریکی عوام اکثر مڈٹرم میں صدر کی طاقت کو متوازن (Balance) کرنے کے لیے مخالف پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں، جس سے صدر کے لیے اپنے آخری دو سال میں نئے قوانین پاس کروانا سخت چیلنج بن جاتا ہے۔
​اب ٹرمپ بھی اسی صورتحال کا شکار نظر آتے ہیں، لیکن وہ امریکی روایات کے برعکس ایک غیر متوقع اور من موجی شخصیت ہیں۔ جو بات تصور میں بھی نہیں آتی، وہ کر گزرتے ہیں۔ اس وقت دنیا کی نظریں تین اہم معاملات پر ہیں کہ آیا امریکی صدر اس عبرتناک شکست کے بعد اپنے مزاج میں کوئی تبدیلی لاتے ہیں یا اسی غیر یقینی شخصیت کے طور پر اپنی شناخت برقرار رکھیں گے:
​کیا امریکہ ایران کے ساتھ کشیدگی کم کر کے واپسی کی راہ اختیار کرتا ہے یا کوئی انتہائی قدم اٹھاتا ہے؟ (دونوں کے 50/50 چانسز ہیں)۔
​کیا ٹرمپ عالمی معاشی غیر یقینی ختم کرنے کے لیے تجارتی ٹیرف ختم کر کے حالات نارمل کرتے ہیں، یا تجارتی ٹیرف کے ذریعے دنیا کی تجارت کو مزید متاثر رکھیں گے؟
​کیا وہ امریکی عوام کو ریلیف دینے کے لیے مہنگائی میں کمی لاتے ہیں اور امیگرینٹس (تارکینِ وطن) کے بارے میں اپنی سخت پالیسی میں تبدیلی لاتے ہیں یا نہیں؟
​یہ تمام باتیں آنے والے چند ماہ میں واضح ہو جائیں گی۔ لیکن ٹرمپ پچھلے دو سال میں جو کچھ کر چکے ہیں، اس سے پوری دنیا میں ایک افراتفری کا ماحول بنا ہوا ہے۔ انفلیشن سٹریس (مہنگائی کے دباؤ) نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ یورپ، ایشیا، امریکہ، کینیڈا اور دیگر ممالک میں جو بیزاری نظر آتی ہے، وہ ٹرمپ کے غیر روایتی اور غیر متوقع اقدامات کا نتیجہ تھی۔
​اب بھی یہ خود ٹرمپ پر منحصر ہے کہ وہ تاریخ میں اپنے آپ کو کس کردار کے ساتھ یاد رکھنا چاہتے ہیں۔ ان کے پاس ابھی دو سال باقی ہیں؛ وہ دنیا کو استحکام کی طرف بھی لے جا سکتے ہیں اور مزید افراتفری کا شکار بھی کر سکتے ہیں۔
Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button