
کسی بھی معاشرے کی ترقی کا اصل پیمانہ محض بلند و بالا عمارتیں، صنعتی ترقی، معاشی اعداد و شمار یا سرمایہ کاری کے دعوے نہیں ہوتے بلکہ اس معاشرے میں محنت کرنے والے انسانوں کو حاصل عزت، تحفظ، روزگار کا استحکام اور بنیادی حقوق ہوتے ہیں۔ جو ریاست اپنے مزدوروں کو معاشی ترقی کا محض ایک پرزہ سمجھتی ہے، وہاں ترقی کے ثمرات چند ہاتھوں تک محدود ہو جاتے ہیں اور محنت کش طبقہ محرومیوں کی دلدل میں دھنستا چلا جاتا ہے۔
بدقسمتی سے پاکستان میں مزدوروں کے حقوق کا معاملہ ایک مرتبہ پھر اسی نوعیت کی تشویش ناک صورت حال سے دوچار دکھائی دیتا ہے، جہاں مجوزہ بلوچستان لیبر کوڈ نے ٹریڈ یونین تنظیموں اور محنت کش طبقے میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔آل پاکستان لیبر فیڈریشن، پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن، بلوچستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والی مختلف اجتماعی سوداکاری کی حامل (سی بی اے) ٹریڈ یونین تنظیموں نے مجوزہ بلوچستان لیبر کوڈ کو مزدور دشمن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
ان تنظیموں کا موقف ہے کہ بلوچستان حکومت انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے تعاون سے اس قانون کے نام پر ایسا نظام متعارف کرانے کی کوشش کر رہی ہے جو محنت کشوں کے موجودہ حقوق، مستقل ملازمتوں اور ٹریڈ یونین سرگرمیوں کے مستقبل کے لیے خطرات پیدا کر سکتا ہے۔یہ معاملہ محض کسی قانون کی مخالفت یا حمایت کا نہیں بلکہ پاکستان میں مزدور تحریک کے مستقبل، اجتماعی سوداکاری کے حق اور محنت کشوں کے سماجی و معاشی تحفظ کا سوال ہے۔
آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے صدر سلطان محمد خان، سیکرٹری جنرل عبدالستار، کا مو قف بڑا واضح ہے کہ موجودہ حالات میں بلوچستان کو کسی ایسے نئے لیبر کوڈ کی ضرورت نہیں جو پہلے سے موجود قانونی ڈھانچے کو غیر ضروری طور پر تبدیل کرے۔ ان کے مطابق انڈسٹریل ریلیشنز ایکٹ 2012ءوفاقی دارالحکومت اور بین الصوبائی صنعتی تعلقات کے معاملات کو منظم کرنے کیلئے موجود ہے، جبکہ صوبوں کے اپنے دائرہ اختیار میں متعلقہ قوانین پہلے سے نافذ ہیں۔ لہٰذا کسی بھی نئی قانون سازی سے قبل یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ اس کی ضرورت کیا ہے، اس سے مزدوروں کو کیا فائدہ پہنچے گا اور ان کے موجودہ حقوق کا تحفظ کیسے یقینی بنایا جائے گا۔
یہاں سب سے اہم سوال مشاورت کا ہے۔ قانون سازی کسی بھی جمہوری معاشرے میں متعلقہ فریقوں کی شمولیت اور اتفاق رائے سے ہونی چاہیے۔ بالخصوص محنت کشوں سے متعلق قانون سازی میں ان لوگوں کی آواز کو نظر انداز کرنا ایک سنگین جمہوری اور سماجی ناانصافی ہے جن کی زندگیوں پر اس قانون کے براہ راست اثرات مرتب ہوں گے۔اگر کسی قانون کے ذریعے لاکھوں محنت کشوں کے مستقبل کا فیصلہ کیا جانا ہے تو اس عمل میں مزدوروں کی حقیقی نمائندہ تنظیموں، سی بی اے یونینز اور سہ فریقی لیبر اسٹینڈنگ کمیٹی کو اعتماد میں لینا ناگزیر ہے۔
حکومت، آجر اور مزدور کسی بھی مو ¿ثر سہ فریقی نظام کے بنیادی ستون ہیں۔ ان میں سے کسی ایک فریق کو نظر انداز کرکے قانون سازی کرنا نہ صرف مشاورتی عمل کی روح کے منافی ہے بلکہ مستقبل میں صنعتی تنازعات کو بھی جنم دے سکتا ہے۔ٹریڈ یونین رہنماو ¿ں کا یہ اعتراض بھی قابل غور ہے کہ پنجاب اور سندھ میں لیبر کوڈ کی تیاری کے دوران سہ فریقی مشاورتی نظام کو مو ¿ثر طور پر نظر انداز کیا گیا اور اب بلوچستان میں بھی اسی طرز عمل کو دہرائے جانے کے خدشات موجود ہیں۔
ان کا الزام ہے کہ مزدوروں کی حقیقی نمائندہ تنظیموں کو اعتماد میں لینے کے بجائے ایک ایسے فرد کو مشاورتی عمل میں شامل کیا جا رہا ہے جس کا کسی سی بی اے ٹریڈ یونین سے تعلق نہیں، اگر یہ اعتراض درست ہے تو حکومت کو اس کی وضاحت کرنی چاہیے کہ حقیقی نمائندگی کے بجائے متبادل نمائندگی کا راستہ کیوں اختیار کیا جا رہا ہے؟۔اصل مسئلہ یہ ہے کہ مجوزہ لیبر کوڈ کے بارے میں مزدور تنظیموں کے ذہنوں میں کئی بنیادی سوالات جنم لے رہے ہیں۔
کیا اس قانون سے مستقل ملازمتوں کا تحفظ برقرار رہے گا؟ کیا ٹھیکیداری نظام کو فروغ ملے گا؟ کیا مزدوروں کیلئے اجتماعی سوداکاری اور آزادانہ ٹریڈ یونین سازی کے حقوق محفوظ رہیں گے؟ کیا محنت کشوں کو سوشل سکیورٹی، پنشن، صحت اور دیگر قانونی مراعات حاصل رہیں گی؟ اور کیا مزدور اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے مو ¿ثر قانونی فورمز تک رسائی برقرار رکھ سکیں گے؟یہ وہ سوالات ہیں جن کے جواب دیے بغیر کسی بھی نئے لیبر قانون کو مزدور دوست قرار نہیں دیا جا سکتا۔
پاکستان میں ٹھیکیداری نظام پہلے ہی محنت کش طبقے کیلئے متعدد مسائل پیدا کر رہا ہے۔ اس نظام کے تحت بڑی تعداد میں مزدور طویل عرصے تک خدمات انجام دینے کے باوجود مستقل ملازمت، ملازمت کے تحفظ، مناسب اجرت، پنشن اور دیگر مراعات سے محروم رہتے ہیں۔ ٹھیکیدار تبدیل ہونے کے ساتھ ان کی ملازمت کا مستقبل بھی غیر یقینی ہو جاتا ہے۔
ایسے ماحول میں اگر کوئی نیا قانونی ڈھانچہ محنت کشوں کے خدشات دور کرنے کے بجائے ٹھیکیداری نظام کے پھیلاو ¿ کا ذریعہ بنتا ہے تو یہ یقیناً ایک تشویش ناک صورت حال ہوگی۔یہ بھی سمجھنا ضروری ہے کہ ٹریڈ یونین کسی ادارے میں محض احتجاج کرنے یا مطالبات پیش کرنے والی تنظیم کا نام نہیں۔ ٹریڈ یونین مزدور اور آجر کے درمیان ایک منظم اور قانونی رابطے کا ذریعہ ہے۔ یہ مزدوروں کو اجتماعی آواز دیتی ہے، ان کے حقوق کا تحفظ کرتی ہے اور صنعتی امن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ جب مزدور انفرادی حیثیت میں آجر کے سامنے کھڑا ہوتا ہے تو اس کی قوت محدود ہوتی ہے، لیکن جب وہ ایک منظم یونین کے پلیٹ فارم سے بات کرتا ہے تو اس کی آواز مو ثر اور مضبوط ہوتی ہے۔
اسی لیے دنیا بھر میں اجتماعی سوداکاری اور آزادانہ تنظیم سازی کو بنیادی مزدور حقوق میں شمار کیا جاتا ہے۔ اگر کسی قانون کے نتیجے میں ٹریڈ یونینز کمزور ہوتی ہیں، اجتماعی سوداکاری محدود ہوتی ہے یا مزدوروں کی نمائندہ تنظیموں کا کردار ختم ہوتا ہے تو اس کے اثرات صرف یونین دفاتر تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورے صنعتی نظام اور معاشرتی انصاف پر مرتب ہوتے ہیں۔ آئی ایل او کا نام بھی اس بحث میں اہمیت رکھتا ہے۔ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں محنت کشوں کے حقوق، سماجی انصاف، باعزت روزگار اور بہتر کام کے حالات کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان بھی آئی ایل او کے متعدد بین الاقوامی مزدور معیارات سے وابستہ ہے۔ اس لیے کسی بھی ایسی قانون سازی کو، جسے آئی ایل او کے تعاون سے تیار کیا جا رہا ہو، بین الاقوامی مزدور معیارات، آزادانہ تنظیم سازی اور اجتماعی سوداکاری کے اصولوں پر پورا اترنا چاہیے۔ محض کسی بین الاقوامی ادارے کا نام کسی قانون کو خودبخود مزدور دوست نہیں بنا دیتا، اصل اہمیت اس قانون کے مندرجات، اس کے نفاذ اور محنت کشوں کو حاصل ہونے والے عملی فوائد کی ہے۔
یہاں حکومت بلوچستان کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ مزدور تنظیموں کے خدشات کو محض مخالفت یا سیاسی دباو ¿ سمجھنے کے بجائے سنجیدگی سے سنے۔ اگر مجوزہ لیبر کوڈ واقعی مزدوروں کے مفاد میں ہے تو اس کے تمام مندرجات عوامی سطح پر سامنے لائے جائیں۔ اس کا موجودہ لیبر قوانین سے تقابلی جائزہ پیش کیا جائے اور واضح کیا جائے کہ اس سے مستقل ملازمتوں،اجرتوں، پنشن، سوشل سکیورٹی، ٹریڈ یونین رجسٹریشن ، اجتماعی سوداکاری اور لیبر عدالتوں کے نظام پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔حکومت کو یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ بلوچستان کے حالات، صنعتی ڈھانچے اور محنت کشوں کے مسائل ملک کے دیگر صوبوں سے مختلف نوعیت کے حامل ہیں۔ کان کنی، معدنیات، تعمیرات، بجلی، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں سے وابستہ مزدور پہلے ہی مشکل حالات میں کام کر رہے ہیں۔
خصوصاً کان کنی کے شعبے میں مزدوروں کی جان و سلامتی، حفاظتی انتظامات، مناسب اجرت اور سماجی تحفظ کے مسائل انتہائی اہم ہیں۔ ایسے میں قانون سازی کا بنیادی مقصد ان مسائل کا حل ہونا چاہیے، نہ کہ مزدوروں کیلئے مزید غیر یقینی صورت حال پیدا کرنا۔آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر سلطان محمد خان سمیت دیگر ٹریڈ یونین تنظیموں کی جانب سے یہ اعلان کہ حقیقی مزدور نمائندوں سے مشاورت کے بغیر موجودہ لیبر قوانین میں تبدیلی کی گئی تو بلوچستان سمیت ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی، دراصل اس بڑھتی ہوئی بے چینی کا اظہار ہے۔ تاہم حکومت کے لیے اب بھی موقع موجود ہے کہ وہ تصادم کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔ ایک بامعنی سہ فریقی اجلاس بلایا جائے، تمام رجسٹرڈ ٹریڈ یونینز اور سی بی اے تنظیموں کو نمائندگی دی جائے اور مجوزہ قانون کی ہر شق پر کھلی بحث کی جائے۔
یہ بات بھی واضح رہنی چاہیے کہ مزدور تنظیمیں تبدیلی یا قانون سازی کی اصولی طور پر مخالف نہیں ہونی چاہئیں اور نہ ہی کسی نئے قانون کو صرف اس کے نام کی بنیاد پر اچھا یا برا قرار دیا جا سکتا ہے۔ اصل معیار یہ ہے کہ آیا وہ قانون مزدوروں کے حقوق میں اضافہ کرتا ہے یا ان کے تحفظات کو کمزور کرتا ہے۔
اگر کوئی نیا لیبر کوڈ موجودہ قوانین کی خامیوں کو دور کرتا، مزدوروں کو بہتر سماجی تحفظ فراہم کرتا، مستقل ملازمتوں کو مضبوط بناتا اور ٹریڈ یونین حقوق کا تحفظ یقینی بناتا ہے تو اس کا خیرمقدم کیا جانا چاہیے۔ لیکن اگر اس کے نتیجے میں مزدوروں کی قانونی حیثیت کمزور، مستقل روزگار غیر محفوظ اور اجتماعی سوداکاری محدود ہوتی ہے تو اس کی مخالفت ایک جائز جمہوری حق ہے۔حکومت بلوچستان، متعلقہ حکام اور پالیسی سازوں کیلئے ایک واضح پیغام ہے کہ مزدوروں کے مستقبل کا فیصلہ مزدوروں کو اعتماد میں لیے بغیر نہیں کیا جا سکتا۔
محنت کش وہ طبقہ ہے جو اپنی محنت سے صنعتوں کا پہیہ چلاتا، معدنی وسائل کو دولت میں بدلتا، عمارتیں تعمیر کرتا اور ملکی معیشت کو سہارا دیتا ہے۔ اگر یہی طبقہ اپنے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی کا شکار ہو تو صنعتی ترقی اور معاشی خوشحالی کے دعوے اپنی معنویت کھو دیتے ہیں۔لیبر کوڈ کا اصل مقصد مزدور کو پابند کرنا نہیں بلکہ اسے بااختیار بنانا ہونا چاہیے۔ قانون سازی کا مقصد ٹریڈ یونینز کو کمزور کرنا نہیں بلکہ انہیں مضبوط بنانا، مستقل ملازمتوں کا خاتمہ نہیں بلکہ روزگار کا تحفظ اور ٹھیکیداری نظام کا فروغ نہیں بلکہ محنت کشوں کو باعزت اور محفوظ روزگار فراہم کرنا ہونا چاہیے۔
بلوچستان کے محنت کش صرف ایک قانون پر اعتراض نہیں کر رہے بلکہ اپنے روزگار، اپنے بچوں کے مستقبل، اپنی سماجی سلامتی اور اپنی اجتماعی آواز کے تحفظ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس آواز کو سنے، مذاکرات کا دروازہ کھولے اور ایسا قانون متعارف کرائے جسے سرمایہ دار ہی نہیں بلکہ مزدور بھی اپنا قانون سمجھیں۔کیونکہ کسی بھی ریاست کی معیشت صرف سرمایہ دار کے سرمائے سے نہیں چلتی، اس کی بنیاد مزدور کے پسینے پر استوار ہوتی ہے۔ اور جس قانون میں مزدور کے پسینے کی قدر نہ ہو، وہ قانون کبھی حقیقی معنوں میں ترقی اور انصاف کی ضمانت نہیں بن سکتا۔



