بلاگپاکستانتازہ ترینکالم

ایک خالی بیڈ، خاموش گھر اور امی کی یاد

تحریر:خرم پاشا

رات کے اس پہر جب میں یہ تحریر لکھنے بیٹھا ہوں، تو شاید میرے لیے لفظوں کا انتخاب آسان نہیں، کچھ احساسات ایسے ہوتے ہیں جنہیں زبان بیان کرنے سے قاصر رہتی ہے، کچھ درد ایسے ہوتے ہیں جنہیں کاغذ پر اتارتے ہوئے بھی دل کانپتا ہے، آج میں بھی اسی کیفیت سے گزر رہا ہوں، میرے بائیں جانب وہ خالی بیڈ موجود ہے جہاں ایک برس پہلے تک میری امی ہوا کرتی تھیں، بیڈ آج بھی اپنی جگہ ہے، کمرہ بھی وہی ہے، دیواریں بھی وہی ہیں، مگر اس کمرے کی رونق، اس کی زندگی اور اس کا سکون جیسے کہیں کھو گیا ہے۔
کہنے کو ایک سال گزر گیا، آج جب میری امی کو دنیا سے رخصت ہوئے پورا ایک سال ہو گیا، تو عزیزوں، رشتے داروں اور دوستوں کا آنا جانا بھی رہا، ہر آنے والے نے تقریباً ایک ہی بات کہی، ”ایک سال کا تو پتہ ہی نہیں لگا، وقت کتنی جلدی گزر گیا“ میں خاموشی سے ان کے چہرے دیکھتا رہا، شاید میرے پاس ان باتوں کا کوئی جواب نہیں تھا، میں بھی کبھی یہی کہا کرتا تھا کہ وقت کا پتہ ہی نہیں لگتا، زندگی کتنی تیزی سے گزر جاتی ہے، دن، مہینے اور سال پلک جھپکتے ہی بیت جاتے ہیں ۔
لیکن امی کے جانے کے بعد گزرنے والے اس ایک سال نے مجھے وقت کا ایک بالکل مختلف مفہوم سمجھایا ہے، وقت شاید دوسروں کے لیے تیزی سے گزرتا ہو، لیکن جس شخص نے اپنے وجود کا سب سے مضبوط سہارا کھو دیا ہو، اس کے لیے وقت کا ہر دن، ہر رات اور ہر لمحہ ایک الگ آزمائش بن جاتا ہے۔
میں نے کبھی گہرائی سے نہیں سوچا تھا کہ امی کے بعد زندگی کیسی ہوگی، ان کی زندگی میں، خصوصاً بیماری کے آخری دنوں میں، جب ان کی طبیعت مسلسل بگڑ رہی تھی، میرے ذہن میں ایک سوال بار بار آتا تھا کہ اگر امی کو کچھ ہو گیا تو میرا کیا ہوگا۔۔۔؟ گھر جانے کی وہ بے چینی، وہ شدت، وہ خواہش کہ جلدی گھر پہنچوں کیونکہ امی انتظار کر رہی ہوں گی، اس وقت دل میں خوف تو تھا، مگر شاید میں اس خوف کی گہرائی کو سمجھ نہیں پایا تھا، مجھے لگتا تھا کہ امی تو ہمیشہ میرے سر پر سایہ کیے رہیں گی، جیسے ان کا وجود میری زندگی کا ایک مستقل حصہ ہے، جیسے ان کے بغیر زندگی کا تصور ہی نہیں ہو سکتا۔
مگر زندگی اپنے فیصلے خود کرتی ہے اور بعض فیصلے انسان کو اندر سے توڑ کر رکھ دیتے ہیں،امی اکثر دو باتیں کہا کرتی تھیں، ایک بات یہ کہ مجھے تیری بہت فکر رہتی ہے، میرے بعد تیرا کیا ہوگا۔۔۔؟ تو تنہا رہ جائے گا اور دوسری بات اس وقت کہا کرتی تھیں جب میں دیر سے گھر پہنچتا اور وہ میرے انتظار میں جاگ رہی ہوتیں، وہ کہتی تھیں، ”اگر میں اس دنیا سے چلی گئی تو تیرا انتظار کون کرے گا۔۔۔؟“
آج ان دونوں باتوں کا مفہوم میرے لیے پہلے سے کہیں زیادہ گہرا ہو چکا ہے، آج واقعی گھر میں میرا انتظار کرنے والا کوئی نہیں، رات کتنی ہی دیر ہو جائے، دروازے کے پیچھے وہ آنکھیں نہیں ہوتیں جو میری آمد کی منتظر ہوں، وہ آواز نہیں ہوتی جو میرے دیر سے آنے پر فکر مند ہو، وہ سوال نہیں ہوتا کہ کہاں رہ گئے تھے۔۔۔؟ کھانا کھایا یا نہیں۔۔۔؟ طبیعت ٹھیک ہے۔۔۔؟
امی کے انتظار کی حقیقت شاید وہی سمجھ سکتا ہے جس نے اس انتظار کو ہمیشہ کے لیے کھو دیا ہو،امی کے جانے کے بعد میری زندگی میں ایسی تبدیلیاں آئیں جن کا میں نے کبھی تصور نہیں کیا تھا، صحت کے مسائل نے مجھے گھیر لیا، ہائی بلڈ پریشر زندگی کا مستقل حصہ بن گیا، یورک ایسڈ کے مسائل نے چلنے پھرنے میں دشواریاں پیدا کیں۔
 ایک انجانا خوف، ایک بے نام سی بے چینی جیسے ہر وقت میرے ساتھ رہنے لگی، میں جو کبھی اپنے کام، اپنے پروفیشن اور اپنی مصروفیات میں انتہائی متحرک ہوا کرتا تھا، آج خود کو پہلے جیسا محسوس نہیں کرتاگاڑی چلانا، جو کبھی میرے لیے معمول کی بات تھی، اب ایک مشکل مرحلہ بن چکا ہے، اکثر دل ہی نہیں چاہتا کہ گاڑی لے کر باہر نکلوں، صحافتی سرگرمیاں، کرائم پروگرامز میں انٹرویوز، پوڈکاسٹس اور سوشل میڈیا پر میری موجودگی، جو کبھی میری زندگی کا نمایاں حصہ ہوا کرتی تھی، اب بہت محدود ہو چکی ہے۔
 شاید میرے اندر وہ توانائی، وہ بے فکری اور وہ اعتماد باقی نہیں رہا،کسی کو شاید یہ تبدیلی محسوس نہ ہو لیکن میں خود جانتا ہوں کہ میرے اندر کیا کچھ بدل گیا ہےمیرا سب سے بہترین ساتھی آج بھی وہی کمرہ ہے جہاں میں نے اپنی امی کے ساتھ زندگی کے بے شمار لمحے گزارے، عجیب بات ہے کہ یہی کمرہ مجھے سکون بھی دیتا ہے اور اذیت بھی، سکون اس لیے کہ یہاں میری امی کی یادیں موجود ہیں، اذیت اس لیے کہ یہاں ہر چیز مجھے ان کی یاد دلاتی ہے،ان کی بیماری کے دوران اسی کمرے میں ساری ساری رات جاگنا، ان کی خدمت کرنا، بار بار ان کی طرف دیکھنا، ان کی تکلیف محسوس کرنا اور پھر بے بس ہو کر رہ جانا، زندگی نے ہمیں ایسے مراحل سے گزارا جہاں ہم اپنی تمام کوششوں، علاج، دعاؤں اور محبت کے باوجود ان کی تکلیف کم کرنے میں خود کو بے بس محسوس کرتے تھے۔
 انسان کی بے بسی کا شاید اس سے بڑا کوئی منظر نہیں کہ وہ اپنے سب سے عزیز شخص کو تکلیف میں دیکھے اور چاہنے کے باوجود اس تکلیف کو ختم نہ کر سکےمیں نے ان کی بیماری میں بے بسی دیکھی تھی، لیکن ان کے جانے کے بعد جو بے بسی محسوس ہوئی، اس کا اندازہ مجھے پہلے کبھی نہیں تھا،امی کی محبت، امی کا سر پر سایہ، گھر سے نکلتے وقت ان کی دعا، ان کے ہاتھوں کو چھونا، ان کے سامنے بیٹھنا، ان کی آواز سننا، یہ سب کتنی بڑی نعمتیں ہیں، اس کا احساس شاید انسان کو اس وقت ہوتا ہے جب یہ نعمتیں اس سے چھن جاتی ہیں، میں گھر سے نکلتے وقت ان کے قدموں کو چھو کر دعا لیتا تھا، وہ دعا میرے لیے صرف چند الفاظ نہیں تھی۔
 وہ میری طاقت، میرا اعتماد اور میری زندگی کا سہارا تھی،میں باہر کی دنیا میں کتنی ہی مشکلات کا سامنا کیوں نہ کرتا، مجھے ایک اطمینان ہوتا تھا کہ میری امی میرے لیے دعا کر رہی ہیں، میرا انتظار کر رہی ہیں، میرا خیال رکھ رہی ہیں، شاید ماں کی دعا انسان کے اندر ایک ایسا اعتماد پیدا کرتی ہے جس کا احساس اس وقت تک نہیں ہوتا جب تک وہ دعا کرنے والے ہاتھ آنکھوں سے اوجھل نہ ہو جائیں
آج وہ اطمینان بھی کہیں کھو گیا ہے۔
گھر سے باہر نکلنا، واپس آنا، گھر میں اکیلے بیٹھنا، رات کا وقت، خاموشی، ہر چیز جیسے ایک نئے خوف سے آشنا کر دیتی ہے، کبھی گھر کے اندر بیٹھے بیٹھے ایک عجیب سی گھبراہٹ محسوس ہوتی ہے، کبھی دل چاہتا ہے کہ کسی سے بات کروں، کبھی کسی سے بات کرنے کا بھی دل نہیں کرتا، گھر کی خاموشی بعض اوقات اتنی گہری ہو جاتی ہے کہ اپنے ہی خیالات سے خوف محسوس ہونے لگتا ہے، ایک ایسا خوف جسے شاید میں خود بھی پوری طرح بیان نہیں کر سکتا،میں بظاہر معمول کے کام کرتا ہوں، لوگوں سے ملتا ہوں، باتیں کرتا ہوں، لیکن اندر کہیں ایک ایسی تنہائی ہے جس سے نکلنے کا راستہ دکھائی نہیں دیتا۔
امی کی ایک خاص بات یہ تھی کہ میں اپنی پریشانی کتنی ہی چھپانے کی کوشش کرتا، وہ میرے چہرے سے پڑھ لیا کرتی تھیں، میں خاموش رہوں، بات نہ کروں، بظاہر ہنستا رہوں، وہ پھر بھی پوچھ لیا کرتی تھیں، تو پریشان ہے۔۔۔؟ مجھے بتا، کیا ہوا ہے۔۔۔؟“ شاید دنیا میں کوئی اور ایسا نہیں جو میرے چہرے کو اس طرح پڑھ سکے، میں کئی مرتبہ اپنی پریشانیوں کو چھپانے کی کوشش کرتا تھا، لیکن امی کے سامنے میری خاموشی بھی خاموش نہیں رہتی تھی، وہ میری آنکھوں، میرے چہرے اور میرے لہجے سے محسوس کر لیا کرتی تھیں کہ میرے اندر کچھ چل رہا ہے۔
آج جب کوئی پریشانی ہوتی ہے، جب دل بوجھل ہوتا ہے، جب کسی خوف یا بے چینی میں مبتلا ہوتا ہوں، تو بے اختیار خیال آتا ہے کہ کاش امی ہوتیں، کاش وہ ایک بار پھر پوچھتیں کہ کیا ہوا ہے۔۔۔؟ اب میں اپنی پریشانیوں کے ساتھ خود بیٹھا رہتا ہوں، کوئی چہرہ پڑھنے والا نہیں، کوئی ایسا نہیں جو میرے کہے بغیر میری کیفیت سمجھ سکے، شاید یہی وہ کمی ہے جو انسان کو اندر سے سب سے زیادہ تنہا کر دیتی ہے۔
کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ امی کے جانے کے بعد میں صرف انہیں نہیں کھویا، شاید اپنے اندر کا وہ شخص بھی کھو دیا ہے جو کبھی بے خوف تھا، زندگی سے بھرپور تھا، اپنے کاموں میں مصروف رہتا تھا، دوستوں کے درمیان ہنستا تھا، ہر مشکل کا سامنا کرنے کا حوصلہ رکھتا تھا، اب بظاہر زندگی چل رہی ہے، ذمہ داریاں بھی ہیں، دنیا کے معاملات بھی ہیں، لوگوں سے ملاقاتیں بھی ہوتی ہیں، لیکن میرے اندر جیسے کچھ ایسا ٹوٹ چکا ہے جسے دوبارہ جوڑنا میرے بس میں نہیں ۔
اس کمرے میں بیٹھ کر کبھی کبھی دل چاہتا ہے کہ امی سے باتیں کروں، انہیں بتاؤں کہ ان کے بعد کیا کچھ بدل گیا ہے، کیسے بعض راتیں بے حد طویل ہو جاتی ہیں، کیسے گھر میں داخل ہوتے ہوئے ایک عجیب سی خاموشی اورویرانی استقبال کرتی ہے، کیسے کسی پریشانی میں دل سب سے پہلے امی کو پکارنے کے لیے بے چین ہوتا ہے اور پھر اچانک احساس ہوتا ہے کہ اب وہ اس دنیا میں نہیں ہیں ۔
شاید یہی وہ حقیقت ہے جسے میں آج تک قبول نہیں کر سکا،زندگی نے مجھے تنہا رہنا تو سکھا دیا ہے مگر تنہائی کو قبول کرنا نہیں سکھایا، میں لوگوں کے درمیان بھی کبھی کبھی ایسا محسوس کرتا ہوں جیسے میرے پاس کوئی نہیں کیونکہ امی صرف ایک رشتہ نہیں تھیں، وہ میری پناہ تھیں، میری دعا تھیں، میرا حوصلہ تھیں، ان کے ہوتے ہوئے مجھے شاید اندازہ ہی نہیں تھا کہ دنیا کے خوف سے بچنے کے لیے میرے پاس کتنی مضبوط چھت موجود ہے، آج وہ چھت نہیں رہی اور میں زندگی کے سامنے پہلے سے کہیں زیادہ بے سہارا محسوس کرتا ہوں
امی۔۔۔! آج بھی کسی مشکل میں دل سب سے پہلے آپ کو پکارنا چاہتا ہے۔
 آج بھی گھر لوٹتے ہوئے کہیں اندر ایک خواہش جاگتی ہے کہ شاید آپ موجود ہوں، شاید آپ کی آواز سنائی دے، شاید آپ پوچھیں کہ اتنی دیر کہاں لگا دی۔۔۔؟ مگر پھر حقیقت سامنے آتی ہے، آپ کے بعد زندگی تو گزر رہی ہے، مگر میں پہلے جیسا نہیں رہا،آپ کی دعاؤں کی طاقت، آپ کے ہاتھوں کا لمس اور آپ کے چہرے پر میرے لیے موجود فکر، یہ سب میری زندگی کی وہ دولت تھی جس کی قدر شاید میں اس وقت پوری طرح نہ کر سکا،کاش ایک بار پھر آپ کے پاس بیٹھ سکتا، آپ کے ہاتھ چھو سکتا، آپ کی دعا لے سکتا، شاید کچھ کہتا بھی نہیں، بس خاموشی سے آپ کے پاس بیٹھا رہتا کیونکہ اب سمجھ آیا ہے کہ ماں کی موجودگی صرف محبت نہیں، انسان کی سب سے بڑی پناہ ہوتی ہے،اللہ تعالیٰ میری امی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، دنیا سے رخصت ہو جانے والے تمام والدین کی مغفرت فرمائے۔ آمین!!
Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button