پاکستانتازہ ترین

دہشتگردی اور سہولت کاروں کے خاتمے کا عزم، خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے مختص

وفاقی حکومت عسکری قیادت کے ساتھ ملکر خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل حل کریگی، امن اور ترقی کا دور واپس لاکر خوشحالی کے خوابوں کو عملی جامہ پہنائیں گے، شہباز شریف

پشاور، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں): وفاقی ایپکس کمیٹی نے ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور دہشتگرد نیٹ ورکس، ان کے سہولت کاروں اور معاون ڈھانچے کو ختم کرنے کے قومی عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عسکری قیادت کے ساتھ مل کر خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل حل کرے گی اور صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پشاور میں ہونے والے وفاقی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، انتظامی امور، عوامی خدمات، ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور دہشتگردی کے خلاف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور اداروں کے درمیان رابطہ کاری مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

دہشتگرد نیٹ ورکس اور سہولت کاروں کے خاتمے کا عزم

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطے، خفیہ معلومات کے مؤثر تبادلے اور دہشتگردی کے خلاف ٹھوس اقدامات ضروری ہیں۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوام، شہدا، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو برقرار رکھا جائے گا۔ شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے میں امن و امان، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ریاستی عمل داری کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے مختص

وزیراعظم شہباز شریف نے ’’بدلتا، نکھرتا، مضبوط خیبر پختونخوا‘‘ پروگرام کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے 160 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ اس پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا، بالخصوص ضم شدہ اضلاع اور دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں تعلیم، صحت، روزگار، سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وفاقی حکومت عوامی فلاح، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، معاشی ترقی اور عوام کے جائز مسائل حل کرنے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھانے پر غور

وفاقی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خیبر پختونخوا پولیس، محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

ان اقدامات میں پیشہ ورانہ تربیت، جدید آلات کی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، خفیہ معلومات جمع کرنے کی صلاحیت میں اضافہ اور اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مضبوط بنانا شامل ہے۔

اجلاس میں زور دیا گیا کہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ عوامی خدمات اور ترقیاتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینا ہوگا۔

قبائلی اضلاع کے نمائندوں کا مستقل امن کے لیے عزم

وزیراعظم نے قبائلی اضلاع کے نمائندوں پر مشتمل ترقیاتی کونسل (اے آر ڈی سی) کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر کونسل کے ارکان نے دہشتگردی کو شکست دینے، اس کی جڑیں ختم کرنے اور علاقے میں مستقل امن قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کونسل کے ارکان نے پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں مستقل امن کا قیام پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سکیورٹی اقدامات سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو عملی ترقی، بہتر عوامی خدمات اور معاشی مواقع میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔

امن، ترقی اور بہتر حکمرانی قومی ترجیحات ہیں

اجلاس میں خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال، انتظامی اصلاحات، احتساب، شفافیت اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبے کے طویل عرصے سے درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، بالخصوص ضم شدہ اضلاع اور پسماندہ علاقوں پر توجہ دی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے قومی اتحاد، ثابت قدمی اور مشترکہ عزم بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے پرامن، محفوظ اور خوشحال مستقبل یقینی بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارت 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کا عزم

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا ہے۔ مالدیپ پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارتی حجم کو آئندہ دو برسوں میں 20 کروڑ ڈالر تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان موجود برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا موقع موجود ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہے، جسے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ مالدیپ کے صدر کی واپسی کے بعد پاکستانی تاجروں اور کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد مالدیپ بھیجا جائے گا، تاکہ برآمدات، تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازوں کا منصوبہ

وزیراعظم نے اسلام آباد اور مالے کے درمیان براہ راست فضائی رابطے قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور وزارت ہوا بازی کو اس سلسلے میں فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی۔

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ خوشحالی کے نئے دور کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستانی تعمیراتی اور انجینئرنگ کمپنیوں کو مالدیپ کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی۔

صدر مالدیپ کے مطابق دونوں ممالک اسلامی مالیات، حلال مصنوعات اور سمندری رابطوں کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے مالدیپ کی قومی ایئر لائن کی جانب سے مالے اور کراچی کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کے ارادے کا بھی ذکر کیا۔

دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بہتر فضائی اور بحری رابطوں، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور عوام کے لیے معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button