مظفرآباد/اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے پر عملدرآمد کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبے شفافیت اور تندہی سے مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نے یہ بات آزاد کشمیر کے لیے 100 دن کے ترقیاتی منصوبے سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، امیر مقام، شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار علی گیلانی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھے۔
14 ارب 75 کروڑ روپے کے منصوبے
اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے پہلے 100 دن کے لیے 14 ارب 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں۔ ان میں صحت، تعلیم، سیاحت، ٹرانسپورٹ، رہائش اور نوجوانوں کی ترقی کے اقدامات شامل ہیں۔
منصوبوں کی تکمیل کے لیے واضح ٹائم لائن پر زور
شہباز شریف نے کہا کہ صرف آغاز کی تاریخیں طے کرنا کافی نہیں، منصوبوں کی تکمیل اور عوام تک ان کے فوائد پہنچانے کے لیے بھی واضح ٹائم لائنز مقرر کی جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر حکومت اعلان کردہ منصوبے مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرے گی۔ وزیراعظم کے مطابق وفاقی حکومت نواز شریف کی ہدایات کے مطابق مطلوبہ مالی وسائل فراہم کرے گی اور صدر، وزیراعظم اور کابینہ آزاد کشمیر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
دانش سکول اور دانش یونیورسٹی
وزیراعظم نے بتایا کہ اگلے ماہ بھمبر میں دانش سکول کا افتتاح کیا جائے گا، جہاں مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی لیبارٹریز قائم ہوں گی اور بہترین اساتذہ تعلیم دیں گے۔ مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا کیمپس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔
آزاد کشمیر میں آسان خدمت مرکز
شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان کا پہلا آسان خدمت مرکز اسلام آباد میں کام کر رہا ہے، جو آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے پاکستان کو تحفے میں دیا تھا۔ اسی طرز کا مرکز آزاد کشمیر میں بھی قائم کیا جائے گا، جہاں شناختی کارڈ، پولیس، صحت اور دیگر سہولیات ایک ہی چھت تلے ملیں گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آزاد کشمیر میں ویمن سپیشل ٹیکنالوجی پارک مکمل ہو چکا ہے۔
کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی
وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت اور بھارتی جیلوں میں قید کشمیری رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کے حقوق ملنے تک ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
نواز شریف: وفاق اور ریاستی حکومت ایک صفحے پر
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے وفاقی اور ریاستی حکومت ایک صفحے پر ہیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ آزاد کشمیر میں ایک صاف ستھری حکومت قائم ہو جو ماضی کی ناقص کارکردگی اور عوام سے بے حسی کے رویے کو ختم کر کے بہتر طرز حکمرانی کی مثال بنے۔
صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات
دوسری جانب صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ترقیاتی امور اور انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی کے لیے پنجاب حکومت کے کردار پر بھی بات چیت کی گئی۔
رتھوعہ ہریام پل کا افتتاح
وزیراعظم شہباز شریف نے نو تعمیر شدہ رتھوعہ ہریام پل کی تختی کی نقاب کشائی کر کے اس کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پل خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے اہم سنگ میل ہے۔ ان کے مطابق اس سے میرپور اور گردونواح کے درمیان آمدورفت آسان ہوگی اور تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
راجہ بابر علی ذوالقرنین سے ملاقات
نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے وفاقی وزرا کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ بابر علی ذوالقرنین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مرحوم راجہ ذوالقرنین خان کی آزاد کشمیر کی سیاسی، جمہوری اور عوامی ترقی کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکا نے کہا کہ ان کی سیاسی بصیرت، اصول پسندی اور کشمیری عوام کے لیے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔



