پاکستانتازہ ترینسپورٹس

ڈیجیٹل گیمز بچوں کی صحت اور شخصیت پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں: سید علی عمران

موبائل ،ویڈیو گیمز کے استعمال سے بچوں میں موٹاپا، نظر، جسمانی پٹھوں کی کمزوری اور سستی بڑھ رہی ہے

لاہور (سپورٹس رپورٹر) گلوبل ٹریڈیشنل تائیکوانڈو فیڈریشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید علی عمران نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل اور الیکٹرانک گیمز نے بچوں کو روایتی اور جسمانی کھیلوں سے دور کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں بچوں کی صحت اور شخصیت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید علی عمران نے کہا کہ اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے سے بچوں میں موٹاپا، نظر کی کمزوری، جسمانی پٹھوں کی کمزوری اور سستی جیسے مسائل بڑھ رہے ہیں، جبکہ موبائل فون اور ویڈیو گیمز کے زیادہ استعمال سے بچوں کی تعلیم بھی متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل موبائل اور ویڈیو گیمز کھیلنے والے بچے غصے، ذہنی دباؤ، چڑچڑاپن اور تنہائی جیسے مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کے اسکرین ٹائم کو محدود کریں اور انہیں جسمانی کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کریں۔

سید علی عمران کا کہنا تھا کہ تائیکوانڈو صرف ایک کھیل نہیں بلکہ جسمانی فٹنس، خود اعتمادی اور نظم و ضبط پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ ٹریڈیشنل تائیکوانڈو بچوں کو سیلف ڈیفنس کے ساتھ ساتھ مشکل حالات کا مقابلہ کرنے، بہتر فیصلہ کرنے اور غصے پر قابو پانے کی تربیت فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تائیکوانڈو کی باقاعدہ تربیت سے بچوں میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے اور وہ جسمانی و ذہنی طور پر مضبوط بنتے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ بچوں کو معاشرے کا ذمہ دار اور بااعتماد شہری بنانے کے لیے انہیں تائیکوانڈو سمیت دیگر جسمانی کھیلوں کی طرف راغب کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ مارشل آرٹس کا کورین اسٹائل تائیکوانڈو صرف دفاع کا نام نہیں بلکہ ہمت، حوصلہ، برداشت، لچک، جسمانی چستی اور ذہنی مضبوطی پیدا کرنے کا ذریعہ ہے۔ بالخصوص بچوں اور خواتین میں تائیکوانڈو کی تربیت مشکل حالات کا سامنا کرنے اور ہنگامی صورتحال میں فوری اور درست فیصلہ کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

سید علی عمران نے مزید کہا کہ سیلف ڈیفنس کی تربیت سے خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے اور انسان میں مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ پیدا ہوتا ہے۔ تائیکوانڈو دوسروں کا احترام، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا احساس بھی اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گلوبل ٹریڈیشنل تائیکوانڈو فیڈریشن ایک عالمی مارشل آرٹس تنظیم ہے جو تائیکوانڈو کے روایتی اصولوں، دفاعی حکمت عملیوں اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔ تنظیم کی بنیاد گلوبل گریٹ گرینڈ ماسٹر سر جون لی نے کوریا میں رکھی تھی۔

سید علی عمران کے مطابق فیڈریشن کا مقصد تائیکوانڈو کے بنیادی فلسفے، احترام، عاجزی، نظم و ضبط اور عدم تشدد کی روح کو برقرار رکھنا، کھلاڑیوں کو پومسے اور فائٹنگ کی اعلیٰ فنی تربیت فراہم کرنا، دنیا بھر کے کلبوں اور کھلاڑیوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر منظم کرنا اور بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد کرنا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button