پہلا ٹی20، پاکستان نے لنکا ڈھادی

راولپنڈی:(وی او این)تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے 89 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جارہے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ اوپنر لاہیرو اُدارا نے 91 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ کمنڈو مینڈس 23 رنز کے ساتھ دوسرے ٹاپ اسکورر رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے محمد عمران نے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تجربہ کار نسیم شاہ نے 3 وکٹیں لیں۔
ان کے علاہ رضا اللّٰہ، شاداب خان اور صائم ایوب نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹرز نے برق رفتار آغاز کیا، تاہم 183 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
قومی ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے 89 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی۔ معاذ صداقت نے 50 رنز بنائے جبکہ فخر زمان نے 21 اور خواجہ نافع نے 12 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی۔
سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشنا اور ایشان ملنگا نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ دشمانتھا چمیرا اور نوان تھشارا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے رضا اللّٰہ اور محمد عمران نے اپنا ڈیبیو کیا۔
قومی ٹیم کپتان صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، معاذ صداقت، حسن نواز، صائم ایوب، خواجہ نافع، شاداب خان، محمد عمران، رضا اللہ، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل تھے۔
سری لنکن ٹیم کپتان کوشل مینڈس، لاہیرو اُدارا، کامل مشارا، کمنڈو مینڈس، سہان اراچچیگے، داسن شناکا، دنتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشنکا، دشمانتھا چمیرا، ایشان ملنگا اور نوان تھشارا پر مشتمل تھی۔



