لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں آئی جی ریلوے فخر سلطان نے ملاقات کی، جس میں ریلوے سے متعلق مختلف امور سمیت عوام کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ عوام کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کا سفر سادہ، پرسکون اور محفوظ ہے، تاہم اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ٹرین کا سفر محفوظ ہونے کے باعث عوام کو چاہیے کہ وہ گاڑیوں اور بسوں کے بجائے ریلوے کے ذریعے سفر کو ترجیح دیں۔ انہوں نے ریلوے سفری سہولیات میں بہتری اور مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دریں اثنا گورنر پنجاب نے کوہاٹ پولیس لائنز کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
سردار سلیم حیدر خان نے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی، جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اتحاد کی طاقت سے ہی ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہے۔ قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے خلاف قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔



