پاکستانتازہ ترین

سندھ کے لوگ نئے صوبے نہیں چاہتے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر

نئے صوبوں کا فیصلہ عوامی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے، بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور تیاری سے حصہ لے گی: گورنر پنجاب

لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگ نئے صوبے نہیں چاہتے، جبکہ پنجاب میں جنوبی پنجاب صوبے کی قرارداد پہلے ہی جمع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بننے کے بعد سے اب تک ملک میں مختلف تجربات کیے جاتے رہے ہیں۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہونے والی 23ویں تھری پی پاکستان نمائش میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ نمائش میں پلاسٹک، پرنٹنگ اور پیکیجنگ کے شعبوں سے وابستہ ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات پیش کیں، جبکہ صنعت کاروں، کاروباری شخصیات اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ صنعتی اور تجارتی نمائشوں کے انعقاد سے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ ایسی سرگرمیاں پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر سافٹ امیج اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پلاسٹک، پرنٹنگ اور پیکیجنگ کے شعبوں میں ترقی اور توسیع کے وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہم سب کو مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

نئے صوبوں سے متعلق سوال پر کیا کہا؟

میڈیا سے گفتگو کے دوران نئے صوبوں سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سندھ کے رہنے والے بڑے جذباتی ہیں اور سندھ کے لوگ نئے صوبے نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلے ہی جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق قرارداد جمع ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان بننے سے اب تک ملک میں مختلف تجربات کیے جاتے رہے ہیں۔

بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی تیاری

بلدیاتی انتخابات سے متعلق سوال پر گورنر پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے بات ہوتی رہی ہے، تاہم انتخابات منعقد نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لے گی۔

حکومتی کارکردگی کا فیصلہ عوام کرے گی

حکومت کی کارکردگی سے متعلق سوال پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ان کا مطمئن ہونا ضروری نہیں، اصل فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو سال بعد عوام خود فیصلہ کرے گی کہ وہ حکومتی کارکردگی سے خوش ہے یا نہیں۔ گورنر پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی کارکردگی کا حتمی معیار عوام کی رائے اور اطمینان ہی ہونا چاہیے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button