
لاہور:( سپورٹس رپورٹر)پانچویں حکیم نادر عباس تائیکونڈاو چمپئن شپ 19 ستمبر کو منعقد ہو گی ۔آرگنائزنگ کمیٹی نے حکیم نادر عباس تائیکونڈاو چمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کیلئے تائیکوانڈو کوچنگ اینڈ ریفری جج کورس منعقد کیا۔
نیشنل تائیکوانڈو کلب اوراین ایس تائیکونڈو کلب ماڈل ٹاﺅن کے اشتراک سے تائیکوانڈو کے کھیل کو جدید خطوط پر فروغ دینے، کوچز اینڈ ریفریز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور کھیل کے قوانین سے آگاہی کیلئے منعقد ہونے والے تائیکوانڈو کوچنگ اینڈ ریفری جج کورس میں مختلف سکولزاور کالجز سے تعلق رکھنے والے مینز اینڈ وویمنزتائیکوانڈو کوچز، ریفریز ،ججزاور پلیئرز نے شرکت کی۔

این ایس تائیکونڈو کلب ماڈل ٹاﺅن کے چیف ایگزیکٹو بلیک بیلٹ فورتھ ڈان انٹرنیشنل گولڈ میڈلسٹ رانا اعجاز احمد اور بلیک بیلٹ فورتھ ڈان (ڈبلیو ٹی ایف) کوریا ،پومسے کوچ اینڈ صدر نیشنل تائیکوانڈو کلب لاہور خاور محمود نے تائیکوانڈو کوچنگ اینڈیفری جج کورس کے شرکاءکو تائیکوانڈو کوچنگ کے جدید طریقہ کار، جدید تکنیکوں،کھلاڑیوں کی تربیت، مقابلوں کے دوران ریفری کے فرائض، ججز کے فیصلوں کے اصول، تائیکوانڈوکھیل کے جدید قوانین،جدید ترین الیکٹرانک اسکورنگ سسٹم اور کھیل کے دوران پیش آنے والی مختلف صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی ۔

بلیک بیلٹ فورتھ ڈان (ڈبلیو ٹی ایف) کوریا خاور محمود کوچز اینڈ ریفریزکو تربیت دے رہے ہیں
تائیکوانڈو کھیل کے انٹرنیشنل گولڈ میڈلسٹ پلیئر ماہر انسٹرکٹر رانا اعجاز احمد نے تربیتی کورس کے شرکاءکو جدید تائیکوانڈو کے تقاضوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ معیاری کوچنگ اور غیر جانبدارانہ ریفری ججنگ کھیل کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، ایسے تربیتی کورسز کے انعقاد سے نہ صرف کوچز اور آفیشلز کی استعداد کار میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی بہتر تربیتی ماحول میسر آتا ہے۔
تائیکوانڈو کوچنگ اینڈریفری جج کورس کے شرکاءنے کورس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیوں سے تائیکوانڈو کے کھیل کو نچلی سطح سے قومی اور بین الاقوامی سطح تک مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے تربیتی پروگرامز کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔
بلیک بیلٹ فورتھ ڈان (ڈبلیو ٹی ایف) کوریا اورپومسے کوچ خاور محمود نے کہا کہ تائیکوانڈو کوچنگ اینڈ ریفری جج کورس کا کامیاب انعقاد کھیل کے معیار کو بلند کرنے اور کوچز و آفیشلز کو عالمی سطح کے ضوابط سے آراستہ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، تائیکوانڈو کے فروغ، کھلاڑیوں کی بہتر تربیت اور کوچز و آفیشلز کی استعداد بڑھانے کیلئے مزید تربیتی پروگرامز کا انعقادکیاجائے گا۔کورس کے اختتام پر کامیاب شرکاءمیں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔



