پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں
لیبر کوڈ مزدور تنظیموں کی مشاورت کے بغیر نامنظور :سلطان محمد خان
متعلقہ اداروں نے مزدور نمائندوں کو اعتماد میں نہ لیا تو احتجاج اور بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائےگا

کوئٹہ:(وی او این) آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مزدور تنظیموں کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سلطان محمد خان نے کی۔
اجلاس میں صوبائی و مرکزی سطح کی مختلف مزدور ٹریڈ یونین فیڈریشنز، ایسوسی ایشنز اور سی بی اے ٹریڈ یونین تنظیموں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس میں بلوچستان لیبر کوڈ کی تیاری اور اس اہم قانون سازی کے عمل میں مزدوروں کی حقیقی نمائندہ تنظیموں کو مشاورت میں شامل نہ کرنے کے معاملے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاءنے بلوچستان حکومت اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) پر واضح کیا کہ مزدوروں کے حقوق سے متعلق کسی بھی قانون سازی میں ان کی حقیقی نمائندہ تنظیموں کی مشاورت اور شمولیت ناگزیر ہے، بصورت دیگر بلوچستان لیبر کوڈ کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں بلوچستان لیبر کوڈ کی تیاری کے اہم عمل میں واپڈا کے ایک سرکاری ملازم کو مزدوروں کا نمائندہ مقرر کرنے پر شدید تحفظات اور مذمت کا اظہار کیا گیا۔ شرکاءنے مطالبہ کیا کہ بلوچستان لیبر کوڈ کی تیاری کے تمام مراحل میں صوبائی و مرکزی مزدور ٹریڈ یونین فیڈریشنز، سی بی اے ٹریڈ یونین تنظیموں، پاکستان ٹریڈ یونین کانگریس اور دیگر حقیقی نمائندہ مزدور تنظیموں کو فوری طور پر شامل کیا جائے تاکہ مزدوروں کے حقوق، مسائل اور مطالبات کو قانون سازی کا حصہ بنایا جا سکے۔

اجلاس میں متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مزدور تنظیموں کی مشاورت اور شمولیت کے بغیر بلوچستان لیبر کوڈ کی تیاری یا منظوری کے کسی بھی اقدام کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ شرکاءنے خبردار کیا کہ اگر حکومت اور متعلقہ اداروں نے مزدور نمائندوں کو اعتماد میں نہ لیا تو تمام مزدور تنظیمیں مشترکہ احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گی، جبکہ اس معاملے پر بلوچستان ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا جائے گا۔
آل پاکستان لیبر فیڈریشن (اے پی ایل ایف) کے مرکزی صدر سلطان محمد خان نے کہا کہ بلوچستان لیبر کوڈ کی تیاری میں مزدوروں کی حقیقی نمائندہ تنظیموں اور ٹریڈ یونین فیڈریشنز کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی قانون سازی قابل قبول نہیں ہوگی، بلوچستان لیبر کوڈ کی تیاری کے عمل میں مزدور تنظیموں کو نظرانداز کرنا مزدوروں کے بنیادی حقوق اور نمائندگی کے اصولوں کے منافی ہے۔



