لاہور (سلمان حسین) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دورہ چین کے دوران معروف چینی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا کلاؤڈ کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جس میں پنجاب کے آئی ٹی سیکٹر، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل گورننس اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران علی بابا کلاؤڈ گروپ کے حکام نے پنجاب کے آئی ٹی سیکٹر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور صوبے میں مصنوعی ذہانت پر مبنی گورننس کے اقدامات کو سراہا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں گورننس کے نظام کو مصنوعی ذہانت سے مربوط کیا جا رہا ہے اور حکومت کل کے بجائے آج ہی مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب مصنوعی ذہانت کے استعمال کو حکومتی نظام کا حصہ بنانے والا پہلا صوبہ بن چکا ہے۔ صوبائی حکومت نہ صرف سرکاری افسران اور اہلکاروں بلکہ کابینہ ارکان کو بھی مصنوعی ذہانت کی تربیت فراہم کر چکی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں کے بچوں کو مصنوعی ذہانت کی تعلیم دینے کا خیال انہیں بیجنگ کے طلبہ کو دیکھ کر آیا۔ پنجاب میں نوجوان اور ہنرمند افرادی قوت موجود ہے اور صوبہ ڈیجیٹل معیشت کے حوالے سے قائدانہ حیثیت رکھتا ہے۔
ملاقات میں زراعت، صحت، سماجی و اقتصادی پروگرامز اور موسمیاتی پیش گوئی سمیت مختلف شعبوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پبلک سروسز کی بہتری کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے امکانات بھی زیر غور آئے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں دنیا کا سب سے بڑا پبلک سیکٹر کینسر ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت سمیت جدید آئی ٹی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں چین کے تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
ملاقات میں علی بابا کلاؤڈ گروپ کے سینئر وائس پریزیڈنٹ لی جیا پنگ نے کمپنی کے امور اور ٹیکنالوجی کے مختلف منصوبوں کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا۔
لی جیا پنگ نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت کو میڈیا کمپین اور میڈیکل ٹریننگ سمیت مختلف شعبوں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کینسر کی تشخیص اور علاج میں بھی مصنوعی ذہانت معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
علی بابا کلاؤڈ کے سینئر نائب صدر نے پاکستان میں ڈیٹا سینٹر کے قیام کے حوالے سے جاری بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
لی جیا پنگ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی موجودگی میں علی بابا کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کو بھی خوش آئند قرار دیا۔
مریم نواز کا دورہ چین مکمل، وطن واپس پہنچ گئیں
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چین کا چار روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئیں۔ دورہ چین کے دوران انہوں نے مختلف اہم تقریبات میں شرکت کے علاوہ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام سے متعلق متعدد اداروں کا دورہ کیا۔
مریم نواز نے چین کے نیشنل بگ ڈیٹا سینٹر ایکسپو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل نظام اور بگ ڈیٹا کے شعبے میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہواوے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سلوشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔



