پاکستانتازہ ترین

مریم نواز نے سی ایم سولر پینل سکیم فیز ٹو کی منظوری دے دی، مستفیدین کی تعداد ایک لاکھ کرنے کا حکم

بائیو انرجی اور بائیو فیول منصوبوں کا جائزہ؛ چولستان میں سولر پائلٹ پراجیکٹ اور بڑے ہسپتالوں کے انرجی آڈٹ کی ہدایت

لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم سولر پینل سکیم فیز ٹو کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے فیز ٹو میں سولر پینل کی تعداد 90 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کا حکم بھی دیا۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں اینیمل ویسٹ، ایگری ویسٹ اور سالڈ ویسٹ سے بائیو انرجی اور بائیو فیول منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ننکانہ میں دھان اور دیگر فصلوں کی باقیات سے بائیو ریفائنری منصوبے پر رپورٹ پیش کی گئی، جبکہ پنجاب میں کمرشل سکیل، پرائیویٹ ڈیریز اور کمیونٹی بیسڈ بائیو گیس پلانٹس کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

چولستان اور ہسپتالوں کے لیے احکامات

وزیراعلیٰ نے چولستان میں پانچ ہزار سولر پینل کے پائلٹ پراجیکٹ اور وہاں 40 مقامات پر واٹر سپلائی سکیموں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی اصولی منظوری دی۔ انہوں نے تین ہزار ٹن ویسٹ سے انرجی کے پائلٹ پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دی۔

مریم نواز نے ستھرا پنجاب کے اشتراک سے سالڈ ویسٹ سے انرجی اور بائیو فیول منصوبے پر پلان طلب کر لیا۔ انہوں نے تمام بڑے ہسپتالوں کے انرجی آڈٹ کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں انرجی لوڈ کے مطابق الیکٹرک پینل نصب کیے جائیں۔

بریفنگ میں کیا بتایا گیا

صوبائی وزیر فیصل کھوکھر اور سیکرٹری انرجی نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ ان کے مطابق:

  • سی ایم سولر پینل سکیم کے فیز ون میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔
  • فیز ون میں 89 ہزار 869 افراد کو سولر پینل دیے گئے، جس سے بجلی کے بلوں میں ایک تہائی بچت ہوئی۔
  • پنجاب کے 76 سکولوں کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر سولر انرجی پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
  • پنجاب میں چار لاکھ 90 ہزار ٹن اینیمل ویسٹ سے 7.15 ارب کیوبک میٹر بائیو گیس پیدا کرنے کی استعداد موجود ہے۔
  • اینیمل، ایگری اور سالڈ ویسٹ سے 1.6 ارب یونٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ انرجی ڈیپارٹمنٹ کے عوامی سروے کے مطابق شہریوں کی رائے میں وزیراعلیٰ غریبوں کے لیے اچھے فیصلے کر رہی ہیں، اور سکیم کے باعث بعض صارفین کا بجلی کا بل تقریباً آدھا رہ گیا ہے۔

دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز پر اظہار تشکر

دریں اثنا مریم نواز شریف نے خیبر پختونخوا اور دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے 22 دہشت گرد ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button