لاہور (بیورچیف/سید ظہیر نقوی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بیٹیاں اللہ تعالیٰ کی رحمت اور معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہیں تعلیم، صحت، تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بیٹیوں کو بااختیار بنا کر ہی ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
بین الاقوامی یوم دختر کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ ہر بیٹی کو ایسا محفوظ اور سازگار ماحول ملنا چاہیے جہاں وہ اپنے خواب پورے کر سکے اور ملک و قوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرے۔ ان کے مطابق بچیوں کا حوصلہ، عزم اور صلاحیتیں دنیا کو بدلنے کی طاقت رکھتی ہیں، جبکہ ان کی تعلیم، پرورش اور دیکھ بھال قومی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بیٹیاں، بہنیں اور بچیاں قوم کا مستقبل ہیں۔ ان کے حقوق کا تحفظ، تعلیم کا فروغ اور انہیں خودمختار بنانے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بچیوں کے روشن مستقبل اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
مریم نواز کے مطابق حکومت پنجاب بچیوں اور خواتین کی تعلیم، صحت، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ طالبات کو تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں، جبکہ حصول تعلیم میں مالی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے وظائف بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ طالبات کو اسکولوں اور کالجوں تک آمدورفت میں سہولت دینے کے لیے اسکوٹی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ اسی طرح بچیوں اور خواتین کے تحفظ کے لیے پنک بٹن اور فوری پولیس معاونت کی فراہمی کے لیے ویمن ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ طالبات کو الیکٹرو بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
مریم نواز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیٹیوں کو تعلیم کے مساوی مواقع دینے، انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنے اور خودمختار بنانے کے لیے حکومتی کوششیں جاری رہیں گی۔
کرم میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دریں اثنا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ضلع کرم میں سرحدی دراندازی ناکام بنانے اور 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے سے متعلق رپورٹ پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کارروائی کے دوران شہید ہونے والے نائب صوبیدار ہدایت امان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانی کو سراہا۔
ریاض ایئرپورٹ پر حملے کی مذمت
مریم نواز نے سعودی عرب کے شاہ خالد ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملے کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایسے حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اہل پاکستان سعودی عرب کی سلامتی کے لیے اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔



