پاکستانتازہ ترین

دیہی خواتین پنجاب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں: مریم نواز

لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دیہی خواتین محنت، محبت، احساسِ ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثال ہیں، جو اپنی انتھک محنت سے پنجاب کی زراعت، گھریلو نظام اور معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ دیہی خواتین کی خدمات کے اعتراف کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے ان کی عظمت، جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ دیہی خواتین کی محنت سے پنجاب کی زمین لہلہاتی ہے، گھر آباد ہوتے ہیں اور معیشت مستحکم ہوتی ہے۔ دیہی عورت محض ایک محنت کش نہیں بلکہ صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والی قوت ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد دیہی خواتین کی محنت، کاوشوں اور خدمات کو تسلیم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیہی خواتین سمیت ہر عورت کا تحفظ ان کی ریڈ لائن ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ دیہی خواتین صرف کسان یا فارمر بن کر نہ رہیں بلکہ خود فیصلہ ساز بنیں اور معاشی طور پر مضبوط و خودمختار ہوں۔ ایک مضبوط، خودکفیل اور خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے فعال کردار کے بغیر ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے دیہی خواتین کے لیے نئے مواقع، آسان سہولیات اور ہنرمندی کے پروگرام شروع کیے ہیں۔ دیہی خواتین کو بااختیار بنانا، ان کے حقوق کا تحفظ اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا خوشحال پنجاب کی تعمیر کے لیے انتہائی اہم ہے۔

بصارت سے محروم افراد کی ہمت اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر بصارت سے محروم خصوصی افراد کی ہمت، حوصلے، لگن اور جذبے کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کے اہلِ خانہ اور متعلقہ خصوصی اداروں کی لگن، خلوص اور خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ زندگی کے مختلف شعبوں میں ان افراد کی کامیابیاں بھرپور تحسین کی مستحق ہیں، جبکہ ان کی صلاحیتوں اور نمایاں کامیابیوں پر فخر ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں خصوصی افراد کے حقوق، تحفظ اور خودمختاری کے لیے لگن اور خلوص کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے۔ خصوصی افراد کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے ان کے حقوق کا تحفظ اور یکساں مواقع کی فراہمی اہمیت رکھتی ہے۔

رحیم یار خان میں دکاندار پر تشدد کا نوٹس، پیرا افسر کی گرفتاری کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب نے رحیم یار خان میں دکاندار پر پیرا افسر کے مبینہ تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی اور متعلقہ افسر کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔

مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ کسی شہری کے ساتھ تشدد یا غیر مناسب رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی سرکاری اہلکار کو اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں کے جان و مال اور عزت کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

پشاور سکول حادثے پر اظہارِ افسوس

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پشاور میں سکول کی چھت گرنے سے بچوں کے جاں بحق ہونے کے المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سکول کی چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والے بچوں کے غمزدہ والدین کے دکھ کو سمجھ سکتی ہیں۔ معصوم بچوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، اور اس سانحے نے متاثرہ خاندانوں کو ناقابلِ تلافی صدمے سے دوچار کیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button