
لاہور:(نمائندہ وی او این ) پاکستانی کاروباری شخصیت، چلتن پیور کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نجم مزاری کو ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)کے ضلعی بورڈ آف مینجمنٹ کا رکن مقرر کر دیا گیا ۔
نجم مزاری کی کسی سرکاری ادارے میں پہلی باقاعدہ تقرری ہے، جس کے تحت وہ فنی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور نوجوانوں کی مہارتوں کے فروغ کے لیے اپنی خدمات انجام دیں گے۔

نجم مزاری کاروبار، صنعت، برانڈ سازی اور کاروباری قیادت کے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ مختلف نجی اداروں اور کاروباری پلیٹ فارمز کے ساتھ منسلک رہ چکے ہیں اور ملک میں کاروباری ترقی اور صنعت کے فروغ کے حوالے سے ایک نمایاں شناخت رکھتے ہیں۔
ضلعی بورڈ آف مینجمنٹ میں شمولیت کے بعد نجم مزاری اپنے کاروباری اور صنعتی تجربے کو فنی تعلیمی اداروں کی بہتری اور نوجوانوں کی عملی تربیت کے لیے بروئے کار لائیں گے۔ ان کی تقرری کو صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نجم مزاری نے اپنی تقرری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو ایک اعزاز کے ساتھ ساتھ قومی خدمت کا موقع سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو موجودہ دور کے تقاضوں اور روزگار کی منڈی کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ فنی تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبے کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر ایسے تربیتی پروگراموں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جو نوجوانوں کے لیے بہتر روزگار اور خود روزگاری کے مواقع پیدا کر سکیں۔
ماہرین کے مطابق نجم مزاری کی یہ تقرری فنی تعلیم، صنعت اور کاروباری شعبے کے درمیان مؤثر رابطوں کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے، جس سے نوجوانوں کی ہنرمندی اور روزگار کے امکانات میں اضافہ ہوگا۔



