
لاہور:(شہزاد فراموش) حلقہ ارباب ذوق اوسلو اور خالد حسین تھتھال میموریل سوسائٹی، اوسلو، ناروے کے زیر اہتمام صوفی شام منائی گئی جس میں پاکستانیوں، ساؤتھ ایشین اور نا رو یجن کمیونٹی نے شرکت کی۔
نظامت کے دوران آفتاب وڑائچ نے صوفیا کا کلام بھی پیش کیا۔اس یادگار شام میں پاکستانی ادیب،شاعر اور صوفی گائیک ڈاکٹر اظہر محمود چوہدری بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے پنجابی صوفی شعراء اور خالد حسین تھتھال کا پنجابی کلام گا کرکے سماں باندھ دیا۔ او سلو میں مقیم سکندر گمٹی نے بھی آواز کا جادو جگایا۔

شام موسیقی کا پہلا حصہ تصوف،صوفی شاعری اور صوفی گائیکی پر سیمینار تھا جس کی صدارت نامور شاعر مسعود منور نے کی۔سیمینار میں صدر خالد حسین تھتھال میموریل سوسائٹی نعیم طارق تھتھال، ارشد بٹ اور اظہر محمود چودھری نے سیر حاصل گفتگو کی۔نعیم طارق تھتھال نے اپنے مضمون میں مولانا روم، بلھے شاہ اور دوسرے صوفی شعرا کا ذکر کیا۔
انہوں نے خالد حسین تھتھال کی شاعری میں پنجابی اور پنجابی موسیقی پر بھی روشنی ڈالی۔ارشد بٹ نے خطاب میں صوفیانہ روایت کا آغاز اور شروعات کا مرکزپنجاب اور خاص طور پر لاہور کو قراردیا۔
آفتاب و ڑائچ نے ڈاکٹر اظہر محمود کیساتھ متعلقہ موضوع پر بھرپور مکالمہ کیا۔ آخر میں صاحب صدارت مسعود منور نے اس موضوع پر بات کی اور اپنی صوفی شاعری سنائی۔
روحانیت بھری اس شام میں مقررین کے علاوہ چودھری خادم حسین، پرویز اقبال، نثار بھگت، چوہدری اعجاز، ادریس لا ہوری،چوہدری محمد حسین،چوہدری قمر، محمد احمد، عرفان مظفر اور دیگر احباب شریک ہوئے۔



