اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کا انتہائی اہم کردار ہے، جبکہ پاک چین دوستی نے ہر امتحان کا ثابت قدمی سے سامنا کیا ہے، دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
وزیراعظم نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے قومی دن کی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ اور چین کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین کا قومی دن عظیم چینی قوم کی ثابت قدمی، اتحاد اور ناقابل تسخیر جذبے کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع ہے۔ صدر شی جن پنگ کی دوراندیش قیادت میں چین نے انسانی ترقی، سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق 2026ء پاکستان اور چین کے مشترکہ سفر میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے دل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی نے زلزلوں، طوفانوں اور سیلاب سمیت ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے زیادہ خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔ پاکستان اب سی پیک کے اگلے مرحلے سی پیک 2.0 میں داخل ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ سی پیک کے نئے مرحلے میں صنعتکاری، خصوصی اقتصادی زونز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، زراعت، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
انہوں نے زراعت کے شعبے میں ہونے والی پیشرفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار زرعی گریجویٹس کے پہلے گروپ نے چین میں اپنی تربیت مکمل کر لی ہے، جبکہ مزید ایک ہزار افراد پر مشتمل اگلا گروپ بھی چین جانے کے لیے تیار ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کی تربیت ان کی صلاحیتوں اور مستقبل میں قیمتی سرمایہ کاری ہے۔ پاکستان اور چین کے تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں اور دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والی مفاہمت پر عملدرآمد کے لیے حکومت پوری طرح پرعزم ہے۔
چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم میں تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں۔ پاکستان اپنے اصولی مؤقف، وسیع عالمی وژن اور سفارتی بصیرت کے باعث بین الاقوامی سطح پر اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں کا سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ چین اور پاکستان خوشی اور غم میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد کو تعاون اور ترقی کے لیے پائیدار محرک میں تبدیل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ عملی تعاون کو مزید گہرا کرے گا تاکہ باہمی مفاد اور دونوں فریقوں کے لیے کامیاب نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
بزرگ شہریوں کے احترام کو پالیسی کا حصہ بنائیں گے: وزیراعظم
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے بزرگوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت بزرگ شہریوں کے احترام کو محض الفاظ تک محدود رکھنے کے بجائے پالیسی سازی، ادارہ جاتی اصلاحات اور مؤثر عملی اقدامات میں ڈھالنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بزرگ شہریوں کی زندگی بھر کی گراں قدر خدمات نے قومی زندگی کے سماجی، معاشی اور اخلاقی تشخص کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بزرگ انفرادی اور اجتماعی دانش، تجربے اور اعلیٰ اقدار کے امین ہیں اور انہوں نے نسلوں کی تربیت اور رہنمائی کی ہے۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بزرگوں کے عزت و احترام اور نگہداشت کا خصوصی اہتمام کریں، کیونکہ یہی دینی تعلیمات اور ثقافتی تہذیب کا تقاضا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتیں، سول سوسائٹی اور نجی شعبہ فلاحی معاشرے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی کوششوں کو مؤثر بنانے میں معاونت کریں۔ انہوں نے کہا کہ نسلوں کے درمیان رشتوں اور باہمی احترام کو مزید مضبوط بنا کر ایسا سماجی مستقبل تشکیل دینا ہوگا جس میں تمام عمر کے شہریوں کی فلاح، وقار اور تحفظ یقینی ہو۔



