اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سپارکو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چین کے خلائی سٹیشن پر موجود پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو کی اور انہیں تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ ذیشان علی کی کامیابی پاکستان کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے قومی عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن پوری قوم، بالخصوص پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے ایک عظیم دن ہے۔ ہم آپ کو پاکستان کے پہلے خلا باز بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے ذیشان علی کے اہل خانہ، ساتھیوں اور ان تمام ماہرین کو بھی مبارکباد دی جنہوں نے اس تاریخی سفر کے لیے ان کی تربیت اور معاونت کی۔ انہوں نے ذیشان علی کے چینی ہم سفر خلا بازوں کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے علامہ محمد اقبالؒ کے معروف شعر:
’’محبت مجھے ان جوانوں سے ہے
ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند‘‘
کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ذیشان علی کی کامیابی اس شعر کی عملی تصویر ہے۔ ان کی کامیابی نے پاکستانی نوجوانوں میں عزم و حوصلے کی نئی روح پھونک دی ہے اور انہیں حدود سے آگے بڑھنے، نئی منزلیں تلاش کرنے اور محنت، خلوص نیت اور مسلسل کوششوں کے ذریعے قوم کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا حوصلہ دیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی ہمیشہ ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری قرار دی جاتی رہی ہے، تاہم آج یہ دوستی آسمانوں تک بلند ہو گئی ہے۔ یہ تاریخی خلائی مشن ایسے وقت میں انجام دیا گیا ہے جب پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس دیرینہ دوستی کو خراج تحسین پیش کرنے کا اس سے بہتر انداز نہیں ہو سکتا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے چین کے صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز قیادت اور پاک چین دوستی کے لیے غیر متزلزل عزم نے دونوں ممالک کی ہر موسم کی آزمودہ تذویراتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے اپنے خلائی پروگرام میں پاکستان کو پہلا غیر ملکی شراکت دار بننے کا اعزاز عطا کیا ہے، یہ ایک بے مثال اقدام ہے جو ہمیشہ پاکستانی عوام کے دلوں اور ذہنوں میں نقش رہے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خلا سے ذیشان علی کا پیغام پاکستانی نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے اور ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے نئی تحریک پیدا کرے گا۔ انہوں نے چیئرمین سپارکو، ان کی ٹیم، چین کی خلائی ایجنسی اور اس مشن سے وابستہ تمام افراد کو اس کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ذیشان علی پاکستان کے انسانی خلائی مشنز کے آغاز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وہ اپنے ساتھ جو علم اور تجربہ لے کر وطن واپس آئیں گے، وہ پاکستان میں سائنس، ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کے حصول کی کوششوں میں ایک اہم باب کا اضافہ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس یقین پر قائم ہے کہ خلا کو پرامن مقاصد اور دنیا بھر کے انسانوں کی اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ ذیشان علی اپنے چینی ہم سفر خلا بازوں کے ساتھ جو سائنسی تجربات انجام دے رہے ہیں، ان سے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی برادری کے سائنسی علم میں بھی اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے خلا میں ذیشان علی کی بہترین صحت، سلامتی اور بحفاظت وطن واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری پاکستانی قوم ان کی واپسی کی بے تابی سے منتظر ہے۔ اللہ کے فضل و کرم اور بہترین ٹیم ورک کے ذریعے اس تاریخی سنگ میل کو بنیاد بنا کر مزید کامیابیاں حاصل کی جائیں گی۔
پاکستانی خلا باز پر پوری قوم اور مسلح افواج کو فخر ہے: فیلڈ مارشل عاصم منیر
اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ چین کے خلائی سٹیشن پر پاکستانی خلا باز کی موجودگی پاکستان اور چین کی آزمودہ اور دیرینہ تذویراتی شراکت داری کا قابل فخر مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی بے مثال ہے۔ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ یہ دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے، لیکن اب یہ دوستی کائنات کی وسعتوں کی طرح بے حد و بے حساب ہو گئی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام، بالخصوص پاکستان کی مسلح افواج کو ذیشان علی پر فخر ہے۔ خلا میں ان کی موجودگی پاکستانی نوجوانوں کے لیے علامہ اقبالؒ کے تصورِ نوجوان کی عملی تعبیر ہے۔ انہوں نے اقبالؒ کے نوجوانوں سے متعلق ویژن کو حقیقت کا روپ دیا ہے اور ان کی کامیابی ملک کے نوجوانوں کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔
خلائی سٹیشن سے ذیشان علی کا پاکستانی قوم کے نام پیغام
چین کے خلائی سٹیشن سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ایک عظیم اعزاز ہے۔ زمین کے مدار میں 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف پہلے پاکستانی خلا باز ہیں بلکہ چین کے خلائی سٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے بین الاقوامی خلا باز بھی ہیں۔
ذیشان علی نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے محبت بھرے کلمات اور پوری قوم کی نیک تمناؤں پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ اپنی ذمہ داریاں اور سائنسی تحقیق کا کام قوم کی توقعات کے مطابق انجام دیں۔
انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کے نام پیغام میں کہا کہ آج پاکستان کے بہادر مرد و خواتین زمین، سمندر اور فضا میں ملک و قوم کی خدمت انجام دے رہے ہیں، جبکہ اسی وقت ایک پاکستانی خلا باز بھی زمین سے 400 کلومیٹر بلندی پر اپنے سینے پر سبز ہلالی پرچم سجائے پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے۔ یہ پوری قوم کے لیے ایک عظیم اعزاز ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے فروغ اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کو اپنا مقصد بنائیں۔ انہیں امید ہے کہ آنے والی نسلوں کے خلا باز، انجینئرز اور سائنس دان خلا میں مزید آگے بڑھیں گے اور انسانیت کی بہتری کے لیے کائنات کے مزید اسرار دریافت کریں گے۔
ذیشان علی نے چین کے صدر شی جن پنگ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے شینزو 24 کے مشترکہ خلائی مشن کی کامیاب روانگی پر تیانگونگ خلائی سٹیشن کے لیے خصوصی مبارکباد کا پیغام ارسال کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے حوصلہ افزا کلمات اور نیک تمنائیں ان کے لیے بڑی حوصلہ افزائی کا باعث ہیں۔ اس سے انہیں چین کے خلائی سٹیشن پر اپنے چینی ہم سفر خلا بازوں کے ساتھ سائنسی تحقیق کا کام مزید جذبے سے انجام دینے میں مدد ملے گی۔
ونگ کمانڈر ذیشان علی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور چین کی دوستی کو مزید بلند مقام تک لے جانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔



