لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عورت گھر چلانے کے ساتھ ملک اور صوبہ بھی چلا سکتی ہے، خواتین کو اپنی صلاحیتیں محدود نہیں رکھنی چاہئیں بلکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی تعلیم یافتہ بیٹیاں ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں اور مستقبل میں اسی خطے سے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور وزرائے اعلیٰ سامنے آئیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دی ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن کی تقریب میں شرکت کی، جہاں طالبات نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ایک یونیورسٹی میں جنوبی پنجاب کی اتنی بڑی تعداد میں تعلیم یافتہ بیٹیوں کو دیکھنا خوش آئند ہے۔ یہی اصل بہار اور ترقی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساڈھیاں دھیاں ساڈا مان، ان بچیوں کے والدین ہمارے سپر ہیرو ہیں، جنہوں نے اپنی قربانیوں اور محنت سے انہیں اس مقام تک پہنچایا۔
مریم نواز نے کہا کہ طالبات کی کامیابی میں ان کے والدین کی قربانیاں قابل ستائش ہیں۔ خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ بچیوں کو صرف گھر تک محدود نہیں رہنا بلکہ اپنی تعلیم، ہنر اور صلاحیتوں کو ملک کی فلاح و ترقی کے لیے استعمال کرنا ہے۔ انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ اپنے ذہن کھلے رکھیں، خود کو کبھی کمتر نہ سمجھیں اور اپنی منزل کے حصول کے لیے مسلسل محنت کریں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق دور حکومت میں جیل کے دوران انہیں بھی ہراسمنٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ تین سال پہلے کون سوچ سکتا تھا کہ 12 کروڑ آبادی کا صوبہ ایک خاتون چلا سکتی ہے، مگر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج پنجاب کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔ جن لوگوں کے پاس وسائل نہیں، ان کی دہلیز تک سہولیات پہنچانا میرا مشن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 1600 بچیوں کو سکالرشپس فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ دسمبر سے سکوٹیز کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔ لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کی جانب سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جو خواتین کی خودمختاری اور بااختیار ہونے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق 22 ارب روپے 40 ہزار روپے سے زائد کی لاگت سے سوا لاکھ سے زیادہ سکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ والدین کی عزت اور اعتماد برقرار رکھتے ہوئے خودمختاری کی منزل حاصل کریں۔
مریم نواز نے کہا کہ ننکانہ صاحب کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دیے جائیں گے۔ پنجاب حکومت ایک لاکھ مفت گوگل سرٹیفکیٹس بھی فراہم کر رہی ہے۔ جو خواتین اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتی ہیں، ان کے لیے مالی خودمختاری انتہائی ضروری ہے، اسی مقصد کے تحت بلا سود قرضے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرٹ پر وائس چانسلرز اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کی تقرری یقینی بنائی گئی ہے کیونکہ یہ قوم کے بچوں کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ پہلی مرتبہ فاطمہ جناح میڈیکل کالج میں خاتون وائس چانسلر تعینات کی گئی ہے اور اعلیٰ سطح تک سفارش کے کلچر کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
خواتین کے تحفظ کے لیے ویمن سیفٹی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایت
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی بیٹیوں، ماؤں اور بہنوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ کسی ماں، بہن یا بیٹی کے ساتھ ظلم اور زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومت امیر اور غریب کے درمیان کسی قسم کی تفریق نہیں کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں خواتین کے تحفظ کے لیے پینک بٹن متعارف کرایا گیا ہے اور تمام خواتین کو ویمن سیفٹی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بچی کو خطرہ محسوس ہو یا اسے ہراساں کیا جائے تو فوری طور پر ون فائیو پر کال کرے۔ والدین اپنی بچیوں کا ساتھ دیں اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تعاون کریں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ والدین اپنی بچیوں کے ساتھ ساتھ حکومت اور وزیراعلیٰ پر بھی اعتماد کریں۔ حکومت عوام کی دہلیز پر ان کی خدمت کے لیے موجود ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ تین سال میں جنوبی پنجاب میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں، گزشتہ 80 سال میں نہیں ہوئے۔ لاہور کی طرح ملتان، لیہ، خانیوال اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔
مریم نواز نے طالبات سے کہا کہ وہ ترقی اور کامیابی کا دیا روشن رکھیں، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
تلہ گنگ باقاعدہ ضلع بن گیا، 2 ارب روپے کے فنڈز کا اعلان
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تلہ گنگ کو باقاعدہ ضلع بنانے کا اعلان کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی فوری تعیناتی اور انہیں چارج سنبھالنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تلہ گنگ کے دورے کے دوران علاقے کی ترقی کے لیے 2 ارب روپے کے خصوصی فنڈز کا اعلان بھی کیا اور لاوا، ٹمن سمیت دیگر مقامات پر ڈیم بنانے کا اعلان کیا۔
تلہ گنگ کے مرکزی بازار میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے تلہ گنگ کے عوام کو سلام پیش کرتی ہوں۔ بازار میں عوام کا اتنا بڑا اجتماع دیکھ کر محسوس ہوتا ہے جیسے پورے ضلع کی آبادی یہاں جمع ہو گئی ہو۔
انہوں نے کہا کہ تلہ گنگ کے عوام کا جذبہ اور محبت دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ ان کی بہن اور بیٹی درست سمت میں کام کر رہی ہے۔ تلہ گنگ میں بسیں چل رہی ہیں، بازاروں کی خوبصورتی اور سڑکوں کی تعمیر پر کام ہو رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں تلہ گنگ کو ضلع بنانے کے وعدے کیے گئے لیکن ان پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ عوام نے جھوٹے وعدے کرنے والوں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کا ثبوت آج تلہ گنگ کے عوام کا یہ بڑا اجتماع ہے۔ یہاں کی خوبصورتی دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔
مریم نواز کے مطابق تلہ گنگ میں 300 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر اور توسیع کا کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سال میں تلہ گنگ کی تقدیر مزید بدلنے کے لیے ترقیاتی کام جاری رکھے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے تلہ گنگ کے مرکزی بازار کے بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کا افتتاح کیا اور علاقے میں پہلی الیکٹرو بس سروس کا آغاز کیا۔ انہوں نے مختلف روڈ پراجیکٹس کا بھی افتتاح کیا۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال میں کیتھ لیب کا افتتاح
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال میں کیتھ لیب کا افتتاح بھی کیا اور ہدایت کی کہ امراض قلب کے مریضوں کو علاج کے لیے انتظار نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے ہسپتال میں کیتھ لیب کے مختلف شعبوں اور فارمیسی کا معائنہ کیا۔ ادویات اور دیگر ضروری اشیا کا معیار اور ان کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ بھی چیک کی۔ وزیراعلیٰ نے کنٹرول روم سے انجیوپلاسٹی کے عمل کا مشاہدہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
مریم نواز نے اعجاز، طارق، ضمیر، امتیاز اور دیگر مریضوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گاڑی سے اتر کر عوام کے ہجوم میں پہنچ گئیں اور سکیورٹی کو ایک طرف کرتے ہوئے ایک بزرگ خاتون کو اپنے پاس بلا کر گلے لگا لیا



