پاکستانتازہ ترین

پاک چین 75 سالہ دوستی باہمی اعتماد اور تعاون کی مضبوط بنیاد: ملک محمد احمد خان

آئندہ 75 برس میں دوطرفہ تعلقات کو مشترکہ ترقی، معاشی تعاون اور عوامی خوشحالی کے مواقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (بیورو چیف) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی 75 سالہ دوستی باہمی اعتماد اور تعاون کی مضبوط بنیاد ہے، جسے آئندہ 75 برس میں مشترکہ ترقی، معاشی تعاون اور عوامی خوشحالی کے مزید مؤثر مواقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کے سلسلے میں چینی قونصلیٹ جنرل لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ قومی دن کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے چینی حکومت اور عوام کو قومی دن پر مبارکباد پیش کی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ چین کا ترقیاتی سفر اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی، عوامی شمولیت اور بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے پائیدار ترقی حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے اقتصادی اور سماجی ترقی کے ساتھ عالمی سطح پر امن، تعاون اور مشترکہ ترقی کے پیغام کو بھی فروغ دیا ہے۔

ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھی اپنے ترقیاتی عمل میں عوام کو بااختیار بنانے، مقامی اداروں کو مؤثر بنانے اور انسانی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پاک چین دیرینہ دوستی کو دونوں ممالک کے لیے ایک اہم اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ باہمی اعتماد اور تعاون کی اس مضبوط بنیاد کو مستقبل میں مزید وسیع معاشی، سماجی اور ترقیاتی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button