انٹر نیشنلتازہ ترینجرم-وسزافن اور فنکار

پٹھان جھکتے نہیں ،گولی مارنی ہے توماردو،شاہ رخ کا انڈرورلڈکوکراراجواب

 

نئی دہلی:(ویب ڈیسک) بالی ووڈ میں 80 اور 90 کی دہائی میں بالی ووڈ پر انڈرورلڈ کا سایہ منڈلاتا تھا۔ فلم میکر سنجے گپتا نے حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان کو انڈرورلڈ کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں، لیکن انہوں نے جھکنے سے صاف انکار کر دیا۔ فلم میکر کے مطابق کنگ خان نے کہا تھا کہ وہ پٹھان ہیں اور کسی کے سامنے جھکتے نہیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ میں ایک دور ایسا بھی رہا ہے جب فلموں کی چمک دمک کے پیچھے انڈرورلڈ کا سایہ منڈلاتا تھا فلم میکرز، گلوکاروں اور اداکاروں کو دھمکیوں اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ فلموں کی فنڈنگ سے لے کر کاسٹنگ تک میں انڈرورلڈ کی مداخلت بھی رہتی تھی۔ اسی دور میں شاہ رخ خان کو بھی دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انہوں نے خوفزدہ ہو کر پیچھے ہٹنے کی بجائے ہمیشہ اپنی شرائط پر کام کیا۔ فلم میکر سنجے گپتا نے ایک حالیہ انٹرویو میں شاہ رخ خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کنگ آف بالی ووڈ واقعی کنگ ہیں۔ وہ اپنے اصولوں کے اتنے پکے ہیں کہ کسی کے سامنے جھکنے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔

فلم میکر سنجے گپتا نے حسین زیدی فائلز پوڈکاسٹ پر اس دور کا ایک واقعہ شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب شاہ رخ خان کو دھمکی دی گئی تو اداکار نے صاف طور پر کہہ دیا تھا کہ وہ کسی دباؤ میں کام نہیں کریں گے۔ سنجے کے مطابق، شاہ رخ نے کہا تھا، ’میں پٹھان ہوں، اگر گولی مارنی ہے تو مار دو۔ لیکن میں تمہارے ساتھ کام نہیں کروں گا اور نہ ہی تمہارے لیے شوز کروں گا۔‘

سنجے گپتا کے مطابق شاہ رخ خان نے واضح کر دیا تھا کہ وہ کسی کے دباؤ میں کام نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا تھا کہ نہ تو انہیں کسی فلم میں کام کرنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی شو کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ سنجے گپتا کے مطابق، شاہ رخ کا یہ بے خوف انداز دیکھ کر انہیں دھمکی دینے والے لوگ بھی آخرکار ان کی عزت کرنے لگے۔ انہوں نے کہا کہ شاید انہیں بھی محسوس ہوا ہوگا کہ فلم انڈسٹری میں کم از کم ایک ایسا شخص موجود ہے جو خوفزدہ ہو کر ان کے سامنے جھکنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

فلم میکر سنجے گپتا کے مطابق شاہ رخ خان کو اپنی بے باکی کی قیمت بھی چکانی پڑی۔ انہیں ملنے والی دھمکیوں کو معمولی نہیں سمجھا گیا اور ان کی سیکورٹی بڑھا دی گئی۔ اداکار نے خود ایک پرانے انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہیں کئی مرتبہ جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی تھیں اور تقریباً تین سال تک ان کے ساتھ سخت سیکورٹی انتظامات رہے۔

کامیڈین اور اداکارہ روبی ویکس کے ساتھ گفتگو میں شاہ رخ نے اس دور کے دباؤ کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ کئی مرتبہ فنکاروں پر کسی خاص فلم میں کام کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا تھا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کبھی کسی نے انہیں فلم میں کام کرنے کے لیے دھمکی دی اور انکار کرنے پر جان سے مارنے کی بات کہی، تو شاہ رخ نے اشارہ دیا کہ حقیقت اتنی سادہ نہیں تھی جتنے سیدھے الفاظ میں سوال پوچھا گیا تھا۔

 

 

 

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button