وزیراعظم کا گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کا حکم، 100 میگاواٹ شمسی منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت
فنڈز کی بروقت فراہمی اور رکاوٹیں دور کرنے کا فیصلہ، نلتر پاور پراجیکٹ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور سکیورٹی صلاحیت بڑھانے پر بھی غور، یکم نومبر کو وزیراعظم کا گلگت بلتستان کا دورہ متوقع
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور تمام رکاوٹیں ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گلگت بلتستان کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جو یکم نومبر کو ڈوگرہ راج سے آزادی اور اس کے بعد پاکستان سے الحاق کا تاریخی دن مناتے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کا یکم نومبر کو گلگت بلتستان کا دورہ بھی متوقع ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر جولائی 2026ء میں قائم کی گئی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں گلگت بلتستان میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال، عمل درآمد میں حائل رکاوٹوں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پن بجلی، بنیادی ڈھانچے اور شمسی توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے شروع کیے گئے 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔
اجلاس میں نلتر پاور پراجیکٹ کی تکمیل، انسداد دہشت گردی کی صلاحیت میں اضافے اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تنصیب کے امور بھی زیر بحث آئے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متعلقہ وزارتیں اور ادارے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کریں اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی یقینی بنائیں۔ منصوبوں کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹیں ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے عمل درآمد کو تیز کیا جائے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گلگت بلتستان کی ترقی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے معیار زندگی میں بہتری وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں بالخصوص توانائی کے منصوبوں کی پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ عوام جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
پاکستان اور سنگاپور کے تعلقات مضبوط بنانے کا عزم
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے سنگاپور کے ساتھ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ اور آسیان کے پلیٹ فارم کے ذریعے کثیرالجہتی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔
وزیراعظم سے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے سنگاپور کی شاندار اقتصادی تبدیلی، جدت اور ترقی کے شعبوں میں کامیابیوں کو سراہا۔ فریقین نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے اور ترجیحی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر گفتگو کی۔
ان شعبوں میں ڈیجیٹل معیشت، فن ٹیک، انفراسٹرکچر کی ترقی، لاجسٹکس، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور سروسز کا شعبہ شامل ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی طور پر مفید اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ہانگ کانگ سکسز میں بھارت کے خلاف کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد
مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے ہانگ کانگ سکسز 2026ء کے افتتاحی مقابلے میں بھارت کے خلاف چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو دلی مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ کرکٹ کا ایک بہترین مقابلہ تھا۔ انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو بھی سراہا، جنہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کی تیاری اور بھرپور معاونت کے لیے لگن اور محنت سے کام کیا۔



