لاہور (وی او این): پنجاب بھر میں فضائی آلودگی کے خاتمے اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے 14 ہزار سے زائد بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ماحولیاتی کنٹرول سسٹم بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
تمام بھٹوں کو کیو آر کوڈ جاری
محکمہ تحفظ ماحول کے مطابق صوبے کے تمام بھٹوں کو کیو آر کوڈ جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ ہر بھٹے کو منفرد شناختی نمبر بھی الاٹ کیا گیا ہے۔ کیو آر کوڈ اسکین کر کے کسی بھی بھٹے کا مکمل ڈیٹا اور ماحولیاتی خلاف ورزیوں کا ریکارڈ دیکھا جا سکتا ہے۔
زیرو ٹالرنس پالیسی اور سخت انفورسمنٹ
حکام کا کہنا ہے کہ کالے دھوئیں کا اخراج کرنے والی صنعتوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے۔ بھٹوں اور صنعتوں کے مالکان کو آگاہی دینے کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، اب سخت انفورسمنٹ کے ذریعے ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کی ٹیمیں بھٹوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر بھٹوں کو مسمار کرنے سمیت سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
پائیرولائسز پلانٹس کے خلاف اقدامات
حکام کے مطابق پائیرولائسز پلانٹس میں گندا تیل، پلاسٹک اور پرانے ٹائر جلانے کے باعث شدید ماحولیاتی آلودگی پھیلائی جا رہی تھی، جس کے تدارک کے لیے بھی سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



