پنجاب اسمبلی : مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف قرارداد جمع

لاہور:(بیوروچیف) پنجاب اسمبلی میں مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے بڑھتی مہنگائی کے خلاف قرارداد جمع کرا دی گئی۔ قرارداد اپوزیشن رکن وقاص مان نے جمع کرائی ۔
قرارداد میں حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز میں اضافے پر اعتراض کیا گیا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز اور لیویز میں فوری اور نمایاں کمی کی جائے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی شدید متاثر ہو رہا ہے، غریب عوام ایک طرف مہنگائی، بے روزگاری اور ٹیکسز کا سامنا کر رہے ہیں۔
قرارداد میں اشرافیہ، وزراء اور سرکاری اداروں کے غیر ضروری اخراجات ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ سرکاری گاڑیوں، پروٹوکول اور غیر ضروری سرگرمیوں پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ خرچ نہ کیا جائے، عوام کے پیسوں سے حاصل وسائل کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے، معاشی مشکلات کا تمام تر بوجھ غریب عوام پر ڈالنے کے بجائے اشرافیہ سے بھی قربانی لی جائے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بجائے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
قراردادمیں کہا گیا کہ مہنگائی کے باعث عام موٹر سائیکل سوار بھی پٹرول کے اخراجات سے شدید متاثر ہو رہا ہے، حکومت غریب عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نکالنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔



