لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہونہار طلبہ و طالبات کے لیے سی ایم مریم نواز الیکٹرک بائیک سکیم کا دائرہ وسیع کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔ سکیم کے تحت طلبہ کو سوا لاکھ سے زائد الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی جبکہ طلبہ سے ڈاؤن پیمنٹ وصول نہ کرنے اور ماہانہ قسط تقریباً 3 ہزار روپے رکھنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت الیکٹرک بائیک سکیم کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا، جس میں سکیم پر پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے طلبہ سے ڈاؤن پیمنٹ وصول کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے صرف ماہانہ قسط وصول کرنے کی ہدایت کی۔ حکومت پنجاب ای بائیک پر سود اور انشورنس کی رقم بھی خود ادا کرے گی۔
اجلاس میں طلبہ کے لیے ماہانہ تقریباً 3 ہزار روپے قسط مقرر کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ’’سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم‘‘ کا دائرہ کار بتدریج گورنمنٹ ملازمین، مختلف سرکاری محکموں اور پبلک ڈیلیوری بوائز تک بڑھانے کی اصولی منظوری بھی دے دی۔
مریم نواز شریف نے اسی ہفتے ای بائیک پورٹل کھولنے کا حکم دیتے ہوئے اہل طلبہ کو درخواست دینے کا موقع فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’’سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم‘‘ کے تحت طلبہ کو الیکٹرک بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت فراہم کیے جائیں گے۔
سکیم کے تحت فراہم کی جانے والی الیکٹرک بائیکس میں لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری نصب ہوگی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر خواہش مند طلبہ کو ای بائیک چلانے کے لیے دو روزہ مفت ڈرائیونگ ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو اہل طلبہ کو چھ ہفتوں کے اندر ای بائیکس فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات مکمل کرنے کا حکم دیا۔
پنجاب کے ساڑھے تین ہزار سے زائد دیہات میں ترقیاتی منصوبے
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اور خصوصی اجلاس ہوا جس میں مثالی گاؤں پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے ساڑھے تین ہزار سے زائد دیہات میں سیوریج، ڈرینج اور پکی گلیوں کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مثالی گاؤں منصوبے کے لیے کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن متعارف کرانے کی منظوری دی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر، کمیونٹی ہیلتھ موبلائزر، سیکرٹری یونین کونسل، ہیڈ ماسٹر اور دیگر متعلقہ افراد کو دیہی منصوبوں میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
ارکان اسمبلی کو رورل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے پنجاب کے دیہات میں ڈرینج اور سیوریج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور گاؤں کی گلیوں کو پکا اور خوبصورت بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کو ٹوٹی پھوٹی گلیوں اور گندے پانی کی مشکلات سے دوچار نہیں دیکھ سکتی۔ ہر گاؤں اور دیہات میں ڈرینج، سیوریج اور پکی گلیوں کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ دیہات کے لوگوں کا بھی وسائل پر پورا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ مثالی گاؤں پراجیکٹ ان کے دل کے بہت قریب ہے اور وہ پنجاب کے ہر گاؤں کی حالت بدلنا چاہتی ہیں۔
بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ سوم کے دوران دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے نوکچہ، چاغی اور زیارت کراس، پشین میں 21 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی کامیابی کو سراہا۔
مریم نواز شریف نے کارروائیوں کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کسٹمز افسران سمیت 6 جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے راولپنڈی میں جام شہادت نوش کرنے والے سی سی ڈی انسپکٹر عدنان غیور کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید انسپکٹر کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔



