پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں سٹروک، کارڈیک، پیڈیاٹرک سینٹر اور کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان
وزیراعلیٰ مریم نواز کا صحت کے شعبے کے لیے 5 ارب روپے کے اضافی فنڈز دینے کا اعلان، 40 پرائمری سٹروک سینٹر فعال، 15 مزید قائم ہوں گے، جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ سرجری جلد شروع کی جائے گی
لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے 5 ارب روپے کے اضافی فنڈز فراہم کرنے اور ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں سٹروک سینٹر، کارڈیک سینٹر، پیڈیاٹرک سینٹر اور کینسر ہسپتال قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ سرجری بھی جلد شروع کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے ورلڈ سٹروک ڈے کے موقع پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز (پنز) میں منعقدہ تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے پنز کے آئی سی یو اور کنٹرول روم کا دورہ کیا، آپریشن تھیٹر کی گیلری سے نیوروسرجری کے عمل کا مشاہدہ کیا اور آئی سی یو میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
مریم نواز شریف نے فالج کے مریضوں کی بحالی کے لیے روبوٹک فزیوتھراپی کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پنز نیورولوجی کے انچارج ڈاکٹر قاسم بشیر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر آصف بشیر نے وزیراعلیٰ کو ادارے کی کارکردگی، علاج معالجے اور جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ فالج کے کسی مریض کا علاج فنڈز کی کمی کے باعث نہیں رکنے دیا جائے گا۔ مریضوں کے علاج کے لیے اضافی وسائل کی ضرورت ہو تو براہ راست انہیں آگاہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے اور عوام کی بھلائی کے لیے حاصل ہونے والا اختیار اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک نعمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دیگر صوبوں سے بھی لاکھوں افراد بہتر معیار زندگی، تعلیم، روزگار اور علاج معالجے کے لیے آتے ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہر ضرورت مند کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرے۔ پنز جیسے ادارے کی سربراہی اور عوام کی خدمت کا موقع ملنا خوش قسمتی ہے، کیونکہ ایک دستخط سے بھی کسی کی زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چند ماہ میں پرائمری سٹروک سینٹر قائم کرنے کا منصوبہ شروع کیا گیا اور اب تک 40 مراکز فعال ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 15 سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ فالج کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر ریسکیو 1122 کو کال کریں تاکہ مریض کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے جہاں غریب مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ اسی طرح صوبے کے 20 اضلاع میں دل کے امراض کے علاج کے لیے جدید کیتھ لیب قائم کی جائیں گی، جن میں سے آٹھ سے نو اضلاع میں یہ سہولت پہلے ہی فراہم کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بھی برین سرجیکل انٹروینشن جیسی جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی سمیت ملتان اور فیصل آباد کے ہسپتالوں میں بھی یہ سہولیات شروع کی جا رہی ہیں۔ ہر ڈویژن میں پیڈیاٹرک سینٹر قائم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ بچوں کے علاج کے لیے والدین کو لاہور کا سفر نہ کرنا پڑے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران سرکاری ہسپتالوں سے 10 کروڑ افراد نے علاج معالجے کی سہولیات حاصل کیں، جبکہ 100 ارب روپے کی مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دوسرے علاقوں سے آنے والے بچوں اور مریضوں کو بھی علاج سے محروم نہیں رکھا جاتا۔
مریم نواز نے کہا کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے فیلڈ ہسپتالوں کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔ مزدوروں کو فیکٹریوں میں جا کر علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ انہیں علاج کے لیے کام چھوڑنے اور روزانہ کی مزدوری سے محروم ہونے کی ضرورت نہ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ کڈنی اور لیور ٹرانسپلانٹ جیسی مہنگی سرجریوں سے ہزاروں افراد مستفید ہو چکے ہیں۔ عوام کو اپنے ملک اور ڈاکٹرز پر اعتماد کرنا چاہیے، کیونکہ پاکستان میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سے لاہور چیمبر کے نومنتخب صدر کی ملاقات
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر علی حسام نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے انہیں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور تاجر برادری کی فلاح و بہبود، صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران لاہور چیمبر کے وفد نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور صنعتی شعبے کی ترقی کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو کاروبار دوست صوبہ بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ای بز متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ صنعتی ترقی کی راہ میں حائل سرخ فیتے کی رکاوٹیں ختم کی جا رہی ہیں۔
لاہور چیمبر کے وفد نے وزیراعلیٰ کے عوام دوست اقدامات کو سراہا اور صنعتی و کاروباری شعبے کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پنڈی بھٹیاں ٹریفک حادثے پر وزیراعلیٰ کا اظہار افسوس
مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنڈی بھٹیاں کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔



