پاکستانتازہ ترین

رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ شروع، دلوں میں اسلام اور سیرتِ نبویؐ اپنانے پر زور

دنیا کی محبت نے دین سے دور کردیا، اخلاقِ اسلامی اور معاملات کی درستگی کے بغیر عملی زندگی بے فائدہ ہے، تبلیغی اکابرین کے اجتماعات سے خطاب

رائے ونڈ (ویب ڈیسک) رائے ونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ تبلیغی اکابرین کے بیانات سے شروع ہوگیا۔ اجتماع کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا احمد بٹلہ اور بھارت سے آئے ہوئے مولانا احمد لاٹ نے کہا ہے کہ دنیا کی محبت میں انسان دین کو فراموش کرچکا ہے، جس کے باعث معاشرے میں نفرتیں اور بے شمار مسائل جنم لے رہے ہیں۔ جب تک دلوں میں اسلام کی حقیقی روح پیدا نہیں ہوتی، ہماری عملی زندگی بے فائدہ رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں پر مصائب اور مشکلات کی ایک بڑی وجہ دلوں میں نفرتوں کا بڑھنا اور اسلامی اخلاق سے دوری ہے۔ اخلاقِ اسلامی دین کی بنیادی اکائی ہے، اگر انسان اس بنیادی وصف کو ہی چھوڑ دے تو زندگی کے دیگر معاملات کس طرح درست انداز میں آگے بڑھ سکتے ہیں؟

تبلیغی اکابرین نے کہا کہ عبادات کے ساتھ ساتھ معاملات کی حفاظت بھی ضروری ہے۔ نبی اکرم ﷺ کی سنتوں اور تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانا ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح امتحان میں نقل کرنے والے کو کامیابی نہیں ملتی، اسی طرح حقیقی کامیابی کے لیے نبی کریم ﷺ کے طریقے اور سنت کی پیروی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نبی اکرم ﷺ کی سنتوں اور حرمت کے محافظ بن جائیں، اس سے دنیا بھی سنورے گی اور آخرت بھی کامیاب ہوگی۔ عقیدہ ختمِ نبوت ایمان کا بنیادی حصہ ہے، اس عقیدے کی اہمیت کو سمجھنا اور اسے عام کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ گھروں، بازاروں، دوستوں اور محافل میں عقیدہ ختمِ نبوت اور سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔

مقررین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ تک پہنچنے کا راستہ نبی کریم ﷺ کی پیروی سے وابستہ ہے، اس لیے مسلمانوں کو اپنی زندگیوں میں آپ ﷺ کی سیرت اور سنت کو اختیار کرنا چاہیے۔ کامیابی کے لیے نبی کریم ﷺ کا ادب اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی کی عزتِ نفس مجروح نہ کی جائے بلکہ ہر انسان کی عزت و تکریم کو ملحوظ رکھا جائے۔ لوگوں کے کام آنا ہی انسانیت کا حقیقی فلسفہ ہے۔ اگر کوئی ضرورت مند مدد کے لیے آئے تو اس کی تذلیل کرنے کے بجائے اس کا احترام، دلجوئی اور معاونت کی جائے۔ اللہ تعالیٰ نے اگر کسی کو دوسروں کی مدد کرنے کے قابل بنایا ہے تو یہ بھی اس کی طرف سے ایک ذمہ داری ہے۔

تبلیغی اکابرین نے اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق قائم کرنے، مایوسی سے بچنے اور ضرورت مندوں کے ساتھ حسنِ سلوک کرنے کی تلقین بھی کی۔

دریں اثنا رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکاء کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ آج جمعہ کے روز نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے ہزاروں افراد اجتماع کے پنڈال میں پہنچیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button