پاکستانتازہ ترین

عوام مسائل کا شکار ہیں، اچھی زندگی نہیں گزار رہے؛ صوبوں کی تقسیم پر بیٹھ کر بات ہونی چاہیے، سپیکر ملک محمد احمد خان

ریفرنڈم آئینی طریقہ کار کے مطابق ہو؛ فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد کی سپیکر سے ملاقات، فلم سٹی کے قیام پر تبادلہ خیال

لاہور (بیورو چیف) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ عوام سے کسی معاملے پر براہ راست رائے لینا ریفرنڈم کہلاتا ہے اور اس معاملے میں آئین میں درج طریقہ کار کے مطابق ہی کام ہونا چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں سیاسی جماعتیں آئین کے تحت ہی وجود میں آئی ہیں۔ ان کے مطابق ایک سیاسی جماعت کا موقف ہے کہ ایک صوبے میں تقسیم ہونی چاہیے اور دوسرے میں نہیں، اس حوالے سے وضاحت سامنے آنی چاہیے۔

"صوبوں کی تقسیم پر بیٹھ کر بات ہونی چاہیے”

سپیکر نے کہا کہ سندھ میں صوبائیت اور وطنیت کی بحث سمیت صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر مل بیٹھ کر بات ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وسائل کی تقسیم کے حوالے سے بہت سی محرومیاں موجود ہیں، آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، عوام مختلف مسائل کا شکار ہیں اور "ہم اچھی زندگی نہیں گزار رہے”۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے، تاہم اس معاملے پر حتمی فیصلہ سیاسی جماعتوں کی قیادت کو کرنا ہے۔ ان کے مطابق بات چیت ہونی چاہیے اور اختلاف رائے کا احترام بھی ضروری ہے۔

ملک محمد احمد خان نے واضح کیا کہ وہ کسی مقدمے کے وکیل نہیں بلکہ ایک اہم قومی معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن حکومت میں ہے، اس لیے اس معاملے پر سوچ بچار کے بعد بات کی جانی چاہیے۔

فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

دوسری جانب پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطح وفد نے سپیکر سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں امجد فرزند نے کی، جبکہ اداکار شان شاہد، فلم ساز سید نور، چودھری ذوالفقار، ٹی وی اینکر و سینئر صحافی ذوالفقار راحت، احمد افتخار اور رانا نعیم بھی وفد میں شامل تھے۔

ملاقات میں پنجاب میں فلمی صنعت کی بحالی، فلم سٹی کے قیام، فنکاروں کی فلاح و بہبود اور فلم انڈسٹری سے متعلق قانون سازی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سپیکر نے وفد کو پنجاب اسمبلی کی کارروائی کا مشاہدہ کرنے کی دعوت دی۔

سپیکر نے کہا کہ پنجاب حکومت فن و ثقافت کے فروغ، فنکاروں کی معاونت اور فلمی صنعت کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ فلم سٹی کا قیام اسی سلسلے کی اہم تجویز ہے، جبکہ فلم پروڈیوسرز کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے فروغ اور فلمی صنعت کی بحالی میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں۔


Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button