
اسلام آباد :(وی او این) سپریم کورٹ نے شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث ملزم محمد جہانزیب کی ضمانت منظور کر لی۔
عدالتِ عظمیٰ میں سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور متاثرین کے وکیل کی جانب سے انتہائی سنگین انکشافات سامنے آئے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم 41 کروڑ روپے سے زائد کے فراڈ میں ملوث ہے اور اس نے 1,000 سے زائد متاثرین سے رقم ہتھیا رکھی ہے، جبکہ 600 سے زائد متاثرین کی براہ راست شکایات بھی موجود ہیں۔
ملزم نے نوکریوں کا جھانسہ دے کر 3,000 سے زائد افراد کی ڈگریاں بھی اپنے پاس رکھی ہوئی ہیں جن کی برآمدگی ابھی باقی ہے۔ اس کے علاوہ ملزم کے اکاؤنٹ سے 12 کروڑ روپے برآمد ہو چکے ہیں اور وہ ایجنٹوں کے ذریعے رقم وصول کرتا تھا۔
متاثرین کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم جیل میں رہ کر بھی اپنا وہی کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ ملزم اڈیالہ جیل میں بیٹھ کر اپنا مکمل نیٹ ورک چلا رہا تھا اور اس سے موبائل فون برآمد ہونے پر اڈیالہ جیل کے 8 ملازمین کو معطل بھی کیا جا چکا ہے۔
ملزم کے وکیل نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف براہ راست کوئی ثبوت موجود نہیں ہے اور ان تمام معاملات سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔



