لاہور قتل ہو چکا ہے اور اپنوں کے ہاتھوں پر ہی لہو کے نشان دیکھے جا سکتے ہیں۔ پچھلے چند سالوں سے قدرت نے لاہور سے اس کا نومبر چھین لیا ہے۔ میرے شہر کے نومبر کا ایک اپنا ہی حسن تھا جب اکتوبر کی شامیں خنکی زدہ ہوتی تھیں اور ٹھنڈک کا احساس دھیرے دھیرے بڑھنا شروع ہو جاتا تھا۔ شام پانچ بجے سے پو پھٹنے تک سردی کا وجود رہتا اور پھر دن چڑھے موسم خوشگوار ہو جاتا تھا۔

ایسے میں لاہور کے باسی نومبر کے رومان میں مبتلا ہونے کا انتظار کرتے، جب وہ دن کو دھوپ میں کرسیاں ڈالے براجمان ہوں، چائے اور کافی سے لطف اندوز ہوں، اور سردیوں کی سوغات مالٹے اور کینُو کھائیں۔ مگر دیکھیں کیا ستم ظریفی ہے کہ اب لاہور کے باسیوں پر نومبر زہرِ قاتل بن کر نازل ہوتا ہے۔ ایک وقت تھا جب ہم کہتے تھے کہ نومبر آئے تو گزرے ہی نہ، مگر اب یہ عالم ہے کہ نومبر کے ستم سے خوفزدہ لوگ اس ماہِ رومان کے گزرنے کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔
یہ شہرِ نگاراں سموگ زدہ ہو چکا ہے، سموگ ہمارا نومبر نگل چکی ہے۔ نومبر میں جو ادبی میلے اور فیض میلہ لگتا تھا، اسے بھی سموگ نے نگل لیا ہے۔ دبستانِ لاہور کو پہلے خود اس کے باسیوں اور حکمرانوں نے اجاڑا اور اب قدرت بھی ہم سے روٹھ چکی ہے۔
آخر اس شہر کے قاتل کون ہیں؟ کس نے اس شہر کو سموگ زدہ کیا ہے؟ ماحول دشمن کون ہے اور اس شہر کے لوگوں کی رگوں میں زہر کون اتار رہا ہے؟
پچھلے پندرہ سے بیس سالوں میں لاہور پر مسلط حکمرانوں نے خوب انڈر پاس، فلائی اوور، میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرینوں کے نام پر سریے، کنکریٹ، ریت، سیمنٹ اور پلستر کے پہاڑ کھڑے کر دیے۔ فضا کو ان تعمیراتی کاموں نے شدید متاثر کیا۔ چونکہ یہ سب کام ماحول دشمن ہوتے ہیں اس لیے ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے شجرکاری پر دھیان نہیں دیا گیا نہ پودا لگا نہ کہیں پھولوں کی کیاری لگی، اوپر سے پرانے درختوں کا قتلِ عام جاری رہا۔ اب فارم 47 والے ناصر باغ کے ایک حصے کو ختم کر کے وہاں کار پارکنگ بنا رہے ہیں، یعنی پیڑوں کی مزید لاشوں کو کندھا دینا پڑے گا۔
پھر ہم نے اپنا دریائے راوی بھی اجاڑ دیا۔ فارم 47 کی وزیراعلیٰ پنجاب کہتی ہیں کہ "پانچ دریاؤں سے سونا نکلتا ہے”۔ خدا کی پناہ! راوی میں تو پانی ہی نہیں ہے، سونا کہاں سے نکلے گا؟ کیسے کیسے نمونہ حکمران ملے ہیں ہم کو! نہ جانے کیوں عقل اور شعور سے ہمارا کوئی واسطہ ہی نہیں رہا۔
چالیس سالوں سے اقتدار پر قابض یہ خاندان چونکہ مطالعہ کتب، اخبارات و رسائل سے نابلد ہے، اس لیے شہرِ رومان لاہور کی تاریخ، ثقافت اور تہذیب سے ان کا کوئی سروکار نہیں ہے۔ دیکھیں، انڈر پاس اور فلائی اوور بن گئے، میٹرو بس اور ٹرین چل گئی، مگر لاہور کا نوحہ سن لیں نکاسی آب نہیں ہے، ساون میں یہ شہر پانی میں ڈوب جاتا ہے اور خزاں و سرما میں سموگ زدہ ہو جاتا ہے۔
لاہور کے باسیوں کے ساون اور خزاں کے رومان پرور موسموں کو یہ حکمران ٹولہ کھا چکا ہے۔ کیا نصیب ہیں اہلِ لاہور کے کہ نیچے زمین پر نکاسی آب کے مسائل ہیں، گندگی اور گٹر ابل رہے ہیں، مینہ برسا تو نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، پھر موسم بدلا اور خزاں آیا تو فضاؤں میں سموگ شہریوں کے لیے زہرِ قاتل بن کر نازل ہو گئی ہے۔
اور اب اعلان ہوا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کا دوسرا ٹیسٹ میچ بھی لاہور میں نہیں ہوگا۔ اب تو لاہور کے باسیوں کو اپنے قاتلوں کو کندھوں سے اتار کر پھینک دینا چاہیے اور ایک دوسرے سے گلے لگ کر یہ کہنا چاہیے:
آ عندلیب مل کے کریں آہ و زاریاں
تو ہائے گل پکار، میں چلّاؤں ہائے دل



