بلاگپاکستانتازہ ترینکالم

اصلی چہرے

بے لگام / ستار چوہدری

دنیا عجیب لوگوں سے بھری پڑی ہے۔ یہاں ہر شخص کا ایک چہرہ ہے جو وہ دنیا کو دکھاتا ہے۔۔۔ اور ایک چہرہ وہ ہے جسے بڑی احتیاط سے چھپا کر رکھتا ہے۔ کوئی مسکراہٹ کے پیچھے نفرت چھپائے بیٹھا ہے، کوئی محبت کے پردے میں مفاد تلاش کر رہا ہے، کوئی وفاداری کا دعوے دار ہے مگرموقع ملتے ہی رشتوں کی قیمت لگانے لگتا ہے۔
 بظاہر سب کچھ کتنا خوبصورت دکھائی دیتا ہے، مگر حقیقت کی کھڑکی کھلے تو بعض اوقات انسان اپنے ہی دیکھے ہوئے چہروں سے خوف کھانے لگتا ہے۔۔۔۔دلچسپ بات یہ ہے کہ نقاب ہمیشہ بدصورت چہرے نہیں چھپاتے، بعض اوقات خوبصورت چہروں کے پیچھے بھی ایسے کردار موجود ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر انسان اپنی آنکھوں پر یقین نہیں کر پاتا۔
 کوئی نرم لہجے میں وار کرتا ہے، کوئی ہمدردی کے نام پر زخم دیتا ہے، کوئی دوست بن کر دشمنی نبھاتا ہے اورکوئی دشمن ہوتے ہوئے بھی دوستی کا ایسا مظاہرہ کرتا ہے کہ انسان دھوکا کھا جاتا ہے۔۔۔۔زندگی میں سب سے مشکل کام کسی شخص سے ملنا نہیں، اسے پہچاننا ہے۔ کیونکہ ملاقات چند لمحوں کی ہوتی ہے، مگر پہچان کیلئے وقت، تجربہ اورکبھی کبھی ایک بڑا دھچکا درکار ہوتا ہے۔ بعض لوگ برسوں ساتھ رہتے ہیں، مگر ان کے اندر چھپا ہوا اصلی چہرہ اس وقت سامنے آتا ہے جب ہمارے پاس انہیں دینے کیلئے کچھ باقی نہیں رہتا۔ مفاد ختم ہو جائے تو محبت کا لہجہ بدل جاتا ہے، ضرورت پوری ہو جائے تو تعلق کی گرم جوشی بھی سرد پڑ جاتی ہے۔۔۔۔
ہم نے چہروں کو پڑھنے کیلئے آنکھیں تو کھلی رکھی ہیں، مگر کردار پڑھنے کی عادت پیدا نہیں کی۔ ہم خوبصورت الفاظ سے متاثر ہو جاتے ہیں، بڑے وعدوں پر اعتبار کر لیتے ہیں اور میٹھی باتوں کو سچ سمجھ بیٹھتے ہیں۔ حالانکہ بعض اوقات سب سے خطرناک جھوٹ وہ ہوتا ہے جو محبت کے لہجے میں بولا جائے۔۔۔۔
نقاب پہننے کی سب سے بڑی وجہ شاید یہ ہے کہ انسان اپنی حقیقت سے زیادہ اپنی تصویر کی فکر کرتا ہے۔ وہ چاہتا ہے لوگ اسے اچھا سمجھیں، اس کی تعریف کریں، اس کے کردار کی مثالیں دیں، چاہے اندر سے وہ بالکل مختلف کیوں نہ ہو۔ اسی لیے کسی نے شرافت کا لباس پہن رکھا ہے، کسی نے دیانت داری کا تمغہ سجا رکھا ہے اور کسی نے اصولوں کی ایسی چادر اوڑھ رکھی ہے جس کے نیچے مفادات کا پورا بازار آباد ہے۔ دنیا میں اب اچھا دکھائی دینا، اچھا ہونے سے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔۔۔۔
سیاست میں تو نقاب پوشی ایک مکمل فن بن چکی ہے۔ کوئی عوام کے نام پر اقتدار مانگتا ہے، کوئی تبدیلی کے خواب دکھاتا ہے، کوئی انقلاب کا نعرہ لگاتا ہے اور کوئی قومی سلامتی کی آڑ میں اپنی سیاست چمکاتا ہے۔ انتخابی جلسوں میں عوام کی قسمت بدلنے کے وعدے ہوتے ہیں، مگر اقتدار کی کرسی ملتے ہی ترجیحات بدل جاتی ہیں۔۔۔۔مگرایک حقیقت اوربھی ہے۔ ہرنقاب کے پیچھے کوئی دوسرا شخص نہیں چھپا ہوتا، بعض اوقات انسان خود بھی اپنے آپ سے سچ بولنے سے ڈرتا ہے۔ وہ اپنی غلطیوں کو حالات کا نام دیتا ہے، اپنی خود غرضی کو مجبوری کہتا ہے اور اپنے ظلم کو حق سمجھتا ہے۔
اصل چہرے پہچاننے کیلئے کسی خاص مشین، عینک یا دوربین کی ضرورت نہیں ہوتی۔ بس انسان کو تھوڑا سا وقت، تھوڑی سی سمجھ اور تھوڑا سا مشاہدہ درکار ہوتا ہے۔ کسی کو اختیار دے کر دیکھ لیں، کسی کو دولت دے کر دیکھ لیں، کسی کو آپ سے زیادہ کامیاب کرکے دیکھ لیں، اور کسی کو مشکل وقت میں آزما لیں۔ چہروں پر سجے نقاب خود بخود سرکنے لگیں گے۔۔۔۔لیکن اس سارے کھیل میں سب سے زیادہ تکلیف دہ حقیقت یہ ہے کہ ہم اکثر اصلی چہرے دیکھنے کے باوجود انہیں پہچاننے سے انکار کر دیتے ہیں۔
ہم دھوکے کو غلط فہمی سمجھتے ہیں، بے وفائی کو مجبوری کا نام دیتے ہیں اور بار بار ٹوٹنے کے باوجود انہی لوگوں پر اعتبار کرتے رہتے ہیں۔ شاید ہمیں سچ سے زیادہ اپنے بنائے ہوئے تصور سے محبت ہوتی ہے۔ ہم کسی شخص کو ویسا دیکھنا چاہتے ہیں جیسا ہم نے اسے سمجھ رکھا ہوتا ہے، نہ کہ ویسا جیسا وہ حقیقت میں ہوتا ہے۔۔۔۔معاشرے کا المیہ بھی یہی ہے۔ یہاں کردار سے زیادہ شہرت کی حفاظت کی جاتی ہے۔ سچ بولنے والا بدتمیز قرار پاتا ہے، منافقت کرنے والا مہذب کہلاتا ہے، اصولوں پر کھڑا رہنے والا ناکام سمجھا جاتا ہے اور ہر دروازے پر سلام کرنے والا کامیاب انسان بن جاتا ہے۔۔۔۔
اب سوال یہ نہیں کہ دنیا میں کتنے نقاب پوش ہیں، سوال یہ ہے کہ ہم خود کتنے نقاب پہن کر گھوم رہے ہیں۔۔۔۔؟ کیا ہم وہی ہیں جو دوسروں کو دکھائی دیتے ہیں۔۔۔؟ کیا ہماری زبان، ہمارے دعوے اور ہمارے عمل ایک دوسرے سے میل کھاتے ہیں۔۔۔؟
یاد رکھیے، چہرے وقت کے ساتھ بدل جاتے ہیں، خوبصورتی ماند پڑ جاتی ہے، عہدے چھن جاتے ہیں، دولت ختم ہو جاتی ہے اور شہرت بھی ایک دن قصہ پارینہ بن جاتی ہے، مگر کردار کا چہرہ تاریخ کے آئینے میں محفوظ رہتا ہے۔۔۔دنیا کو بے نقاب کرنے سے پہلے اپنے چہرے سے نقاب اتار کر دیکھیں، ممکن ہے سب سے خوفناک اصلی چہرہ آپ کا اپنا ہو۔۔۔دنیا کے سب سے خوفناک چہرے وہ نہیں جنہیں ہم دیکھ کر ڈر جاتے ہیں، بلکہ وہ ہیں جنہیں ہم اپنا سمجھ کر سینے سے لگاتے ہیں۔
Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button