
لاہور:( سپورٹس رپورٹر)پاکستان کےسابق تائیکوانڈو کوچ،کپتان وسیم شہزاد کو پنجاب تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کا نیاصدر نامزد کر دیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن کےصدر مشتاق احمد جو کہ علیل ہیں اور بطور صدر ذمہ داری جاری رکھنے سے قاصر ہیں انہوں نے سابق انٹرنیشنل کھلاڑی،کوچ،مینجر ،کپتان 5 ڈان کوکیوان اور 6 ڈان پی ٹی ایف وسیم شہزاد کو اپنی جگہ بقیہ مدت کیلۓ صدر نامزد کر دیا ہے۔
مشتاق احمد نے نوٹیفیکشن کے ذریعے پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن،پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن،پنجاب اسپورٹس بورڈ کو مطلع کر دیا ہے۔پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن نے وسیم شہزاد کی بطور پنجاب صدر تعیناتی کو کنفرم کر دیا ہے چیئرمین پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کرنل ( ر) وسیم احمد جنجوعہ نے وسیم شہزاد کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا ہے اور ان کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوۓ کہا کہ تائیکوانڈو کیلئے وسیم شہزاد کی بہت خدمات ہیں۔
یاد رہے وسیم شہزاد بطور کوچ،مینجر،کپتان،پلیئر انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کر چکے ہیں اور گزشتہ 16 سال سے کوریا میں تائیکوانڈو کے ہیڈ کوارٹر میں پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے حال ہی میں منعقد ہونے والے ورلڈ تائیکوانڈو پریزیڈنٹ کپ میں پی ٹی ایف کی طرف سے چیف سیکورٹی آفیسر فرائض انجام دیے۔
انہی خدمات کی بدولت پنجاب کے صدر مشتاق احمد نے آئیندہ الیکشن کی مدت تک کیلئے صدر نامزد کیا ہے۔مشتاق احمد نے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں اپنی بیماری کے حوالے سے سیکرٹری پی ٹی ایف ڈاکٹر اظہار الحق کے بغیر تاریخ کے جاری کردہ لیٹر کو مسترد کر دیا ہے۔



