google-site-verification=lY9Q0ltSKw-SRzooqMn9sstbtAm06IiRncsiBe1xwnw google-site-verification=42Nk9Dw7_mYJQiQcOJLc2yXa0yODLPdBJpNo9xIquVg
پاکستانتازہ ترین

کسی کو ہمیں دھرنے سے اٹھانے کا شوق ہے تو پورا کرکے دیکھ لے: حافظ نعیم الرحمان

لاہور (بیورو چیف) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اگر کسی کو جماعت اسلامی کو دھرنے سے اٹھانے کا شوق ہے تو پورا کرکے دیکھ لے، یہ تحریک رکنے والی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں اور عوامی مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دھرنوں اور احتجاج کی صورت میں ملک بھر میں ایک تاریخی جدوجہد شروع ہو چکی ہے، جبکہ سیکڑوں مقامات پر جاری دھرنوں سے عوام میں بیداری اور شعور پیدا ہو رہا ہے۔

انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں فرق آنے کے باوجود پٹرول سستا نہیں کیا جا رہا۔ ان کے بقول موجودہ حکومت عوام کی نمائندہ حکومت نہیں بلکہ فارم 47 والی حکومت ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ٹیکس اور پٹرولیم لیوی کی صورت میں غریب عوام سے بھتہ وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ وفاقی حکومت کے اپنے اخراجات ایک ٹریلین روپے تک پہنچ چکے ہیں اور ملک میں لوڈشیڈنگ عروج پر ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری گاڑیاں 1300 سی سی سے زیادہ نہیں ہونی چاہئیں۔

طویل دھرنے اور ملک گیر احتجاج کا اعلان

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور میں طویل دھرنا بھی دے سکتی ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے دھرنے سے اٹھانے کی کوشش کی تو وہ اپنا شوق پورا کر لے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور حکمرانوں کے پاس عوامی مطالبات تسلیم کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

انہوں نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے، بجلی اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ بھی کیا جائے گا۔

ان کے مطابق کوئٹہ میں بھی دھرنے کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ راولپنڈی، پشاور اور کراچی میں بڑے جلسے منعقد ہوں گے۔

جڑانوالہ دھرنے میں عوام کی بڑی شرکت

جڑانوالہ میں دھرنے کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فیصل آباد اور گردونواح سے عوام کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ جماعت اسلامی کی تحریک میں عوامی شمولیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران سن لیں، دھرنے جاری رہیں گے اور عوامی مطالبات کے حصول تک احتجاجی تحریک جاری رکھی جائے گی۔

مریم نواز اور شہباز شریف پر تنقید

حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کو برباد کر دیا ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی پالیسیاں عوام کو بیوقوف بنانے کے سوا کچھ نہیں کر رہیں۔

پمز ہسپتال کے حالیہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لوگوں نے اپنے بچوں کے نام رکھنے سے پہلے ہی ان کی لاشیں اٹھائیں اور ہسپتال میں بنیادی سہولیات تک موجود نہیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اسلام آباد کے ہسپتال کا یہ حال ہے تو باقی شہروں کے سرکاری ہسپتالوں کی صورتحال کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ان کے بقول پنجاب حکومت صحت کے بنیادی مراکز بھی مؤثر انداز میں چلانے میں ناکام ہو چکی ہے۔

سیاسی جماعتوں پر بھی حافظ نعیم الرحمان کی تنقید

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم سمیت مختلف سیاسی قوتیں ایک دوسرے کے خلاف نورا کشتی کرتی ہیں، جبکہ عوام کے حقیقی مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ نظام نے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button