پاکستانتازہ ترین

27 ستمبر کو پورا پاکستان سڑکوں پر ہوگا، تاریخ اور تقدیر بدلیں گے: سہیل آفریدی

بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو پورا پاکستان سڑکوں پر ہوگا اور یہ عوام کی طاقت کا دن ہوگا، ہم اپنی تاریخ اور تقدیر دونوں بدلیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہزارہ ریجن کے تفصیلی دورے کے دوران بٹگرام سے بشام تک سٹریٹ موومنٹ ریلی کی قیادت کی، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بٹگرام پہنچنے پر مقامی قیادت اور کارکنوں نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا، جبکہ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر سمیت دیگر صوبائی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بٹگرام کے لیے 2 ارب روپے کے اضافی ترقیاتی پیکیج کا اعلان

ختم نبوت چوک بٹگرام میں سٹریٹ موومنٹ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے بٹگرام کے عوام کو ریلی کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے بٹگرام کے لیے 2 ارب روپے کے اضافی ترقیاتی پیکیج اور الائی کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہزارہ ریجن کے لیے پہلے ہی 200 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج منظور کیا جا چکا ہے اور مختلف شعبوں میں متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں اور متوازن ترقی کے لیے کوشاں ہے۔

27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان

سہیل آفریدی نے سٹریٹ موومنٹ ریلی کے اغراض و مقاصد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جیل میں قید ہیں اور ان کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو اسی جوش و جذبے کے ساتھ اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا اور یہ دن انقلاب کا دن ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے شرکا سے کہا کہ حقوق کے حصول، انصاف کی بالادستی اور حقیقی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ 27 ستمبر کو پرامن احتجاج کے لیے بھرپور تیاری کریں اور کہا کہ احتجاج آئین و قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔

27 ستمبر کو پورا پاکستان سڑکوں پر ہوگا: سہیل آفریدی

بشام میں سٹریٹ موومنٹ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بٹگرام سے بشام تک عوام کے جوش و جذبے نے ثابت کردیا ہے کہ یہ قافلہ اپنے مقصد کے لیے تیار ہے۔

سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی بھرپور تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود عوام کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو پورا پاکستان سڑکوں پر ہوگا اور یہ عوام کی طاقت کا دن ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہ ڈریں گے، نہ پیچھے ہٹیں گے اور نہ اپنے مقصد سے دستبردار ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن اپنے قائد کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ایبٹ آباد پارک کا افتتاح

بعد ازاں سہیل آفریدی نے ایبٹ آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شملہ ہل پر 702 کنال رقبے پر تعمیر کیے گئے ایبٹ آباد پارک کا افتتاح کیا اور اجتماع سے خطاب کیا۔

بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پارک میں 30 ماحول دوست بارہ دریاں اور 365 میٹر طویل زپ لائن تعمیر کی گئی ہے۔

پارک میں مجموعی طور پر 13 ہزار درخت موجود ہیں، جن میں 6 ہزار نئے درخت لگائے گئے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق پارک کی تعمیر کے دوران کسی درخت کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔

پارک میں بچوں کے لیے پلے ایریا، کرکٹ گراؤنڈ، شہریوں کے لیے 6 واکنگ ٹریکس اور مردوں و خواتین کے لیے الگ الگ مساجد بھی تعمیر کی گئی ہیں۔

ہزارہ ڈویژن کے لیے 200 ارب روپے مختص

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ایبٹ آباد پارک عمران خان کی حکومت کی جانب سے علاقے کے عوام کے لیے تحفہ ہے۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دینے اور عمران خان کا ساتھ دینے پر ایبٹ آباد کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ خوشحال ہزارہ پروگرام کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں 150 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں جبکہ 50 ارب روپے ہزارہ ڈویژن میں سیاحت کے فروغ کے لیے رکھے گئے ہیں۔

آیت نور کے اہل خانہ سے ملاقات، امدادی چیک حوالے

سہیل آفریدی پانچ سالہ آیت نور کے گھر بھی پہنچے، جو زیادتی کے بعد قتل کر دی گئی تھی۔

وزیراعلیٰ نے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، امدادی رقم کا چیک آیت نور کے والد کے حوالے کیا اور انہیں سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے پٹھان کالونی کے ہائی سکول کو آیت نور کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا۔

ہری پور میں سیف سٹی منصوبہ شروع کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہری پور میں تقریباً 2 ارب روپے کی لاگت سے سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

سہیل آفریدی نے چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ میں مزید ترامیم اور قوانین کو مزید سخت بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button