لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ، مضبوط اور باہمی احترام پر قائم ہے، اب اس دیرینہ دوستی کو ڈیٹا، ٹیکنالوجی اور جدت کے نئے دور میں داخل کرنا چاہتے ہیں۔
مریم نواز شریف نے بیجنگ میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری ہی ژونگ یو سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی، بگ ڈیٹا اور معاشی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر چینی صوبہ گوئی ژو کے ساتھ تکنیکی اور تجارتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز کی چینی وفد سے ملاقات، ٹیکنالوجی ٹرانسفر پر زور
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انٹرنیشنل بگ ڈیٹا ایکسپو کے موقع پر چینی وفد سے بھی ملاقات کی، جس میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور لوکل مینوفیکچرنگ کے فروغ کے لیے بزنس و انویسٹمنٹ کانفرنس کے انعقاد کی تجویز پیش کی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل تعاون، مصنوعی ذہانت (AI) اور اسمارٹ ایگریکلچر کے شعبوں میں مزید اشتراک کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے ان شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
مصنوعی ذہانت کے ذریعے طبی تشخیص میں تعاون کی تجویز
وزیراعلیٰ پنجاب نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے طبی تشخیص کے شعبے میں بھی پاکستان اور چین کے درمیان اشتراک کار بڑھانے کی تجویز پیش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔
مریم نواز شریف نے گوئی ژو کے وفد کو دورہ لاہور کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں جانب کے اداروں کے درمیان تکنیکی اور تجارتی تعاون کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے چین کے لیے مزید کامیابیوں اور چینی عوام کے لیے بہتر اور خوشحال مستقبل کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
معروف شاعر ڈاکٹر فخر عباس کے انتقال پر اظہارِ افسوس
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے معروف شاعر ڈاکٹر فخر عباس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔



