پاکستانتازہ ترین

ہمارے راستوں میں خندقیں کھودی جا رہی ہیں، بلاول کو سہیل آفریدی کا پیغام

راستے بند کرنے کی ذمہ داری سندھ حکومت قبول کرے یا واضح کرے احکامات کس نے دیے، 27 ستمبر کا لانگ مارچ عوام کے مستقبل کیلئے اہم ہے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

حیدرآباد، میرپورخاص، عمرکوٹ (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے راستوں میں خندقیں کھودی جا رہی ہیں، سڑکوں پر کنٹینرز رکھ کر آمدورفت بند کی جا رہی ہے۔ اگر یہ اقدامات سندھ حکومت کر رہی ہے تو وہ اس کی ذمہ داری قبول کرے، بصورت دیگر واضح کیا جائے کہ راستے بند کرنے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کے احکامات کس نے دیے ہیں۔

حیدرآباد روڈ پر سٹریٹ موومنٹ کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ حیدرآباد کے بعد کراچی کی جانب روانہ ہوں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز انہیں خوش آمدید کہا تھا، تاہم دوسری جانب ان کے قافلے کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں اور کنٹینرز رکھ کر سڑکیں بند کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سندھ کے غیور عوام اپنے مہمانوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک قبول نہیں کریں گے۔ سندھ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان اقدامات کی ذمہ داری قبول کرے یا پھر وضاحت دے کہ راستے بند کرنے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کے احکامات کس نے جاری کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا جوش و جذبہ 27 ستمبر تک اسی طرح برقرار رہنا چاہیے اور سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

مریم نواز کے بیان پر سہیل آفریدی کا ردعمل

اس سے قبل میرپورخاص میں سٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کو دہشت گرد قرار دینا پاکستان کو تقسیم کرنے کی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔ خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان سمیت ملک کے تمام عوام پاکستانی ہیں اور انہیں کسی بھی صورت تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔

سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ عوام موجودہ حکمرانوں سے ہی نہیں بلکہ انہیں اقتدار میں لانے والوں سے بھی نفرت کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ بھارت کو دوست قرار دیتی ہیں اور انہیں بھارت سے کوئی مسئلہ نہیں، تاہم پاکستان کے سرحدی صوبوں سے متعلق ایسے بیانات دیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ حکمرانوں کا یہ طرز عمل ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے، اگر پاکستان کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ اس کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوں گے۔

عوام کو غربت اور محرومی میں دھکیلنے کی پالیسیاں قبول نہیں: سہیل آفریدی

سہیل آفریدی نے کہا کہ عوام کو غربت، جہالت اور بھوک میں دھکیلنے والی پالیسیاں کسی صورت قابل قبول نہیں۔ حکمرانوں کے مفادات عوام کے مفادات سے متصادم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطیر بجٹ کے باوجود اگر عوام کو ترقی، اسکول، کالج اور اسپتال جیسی بنیادی سہولیات میسر نہ ہوں تو یہ صورتحال قابل تشویش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ عوام کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے اور آج کے اجتماعات بھی اسی مقصد کے لیے منعقد کئے جا رہے ہیں۔

عمران خان دباؤ کے باوجود اپنے موقف پر قائم ہیں: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ماضی میں سیاسی رہنما جیل جانے کے بعد ڈیلیں کرتے رہے، تاہم ان کے بقول بانی پی ٹی آئی عمران خان دباؤ کے باوجود اپنی قوم کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو طویل عرصے تک تنہائی میں رکھا گیا جبکہ ان کی اہلیہ اور رشتہ داروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔

سہیل آفریدی نے عدالتی معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کو انصاف کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لیے باہر نکلیں۔

خاموش رہے تو لٹیرے اقتدار میں رہیں گے: سہیل آفریدی

انہوں نے کہا کہ اگر عوام خاموش رہے تو موجودہ حکمران اقتدار میں رہیں گے، اب عوام کو اپنے مستقبل اور قیادت کا فیصلہ خود کرنا ہوگا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ دو خاندانوں کی سیاست کو عمران خان نے چیلنج کیا ہے اور عوام مزید کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے۔ حقیقی آزادی کے لیے عوام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور جو پالیسیاں عوام کے مفاد میں نہیں، ان کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔

دو خاندانوں کی سیاست عمران خان نے توڑی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

عمرکوٹ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ دو خاندانوں کی سیاست کو عمران خان نے توڑا ہے۔ ان کے بقول ماضی میں چور ڈاکو جیل میں ڈیل کرتے تھے، پہلی بار انہیں ٹکر کا لیڈر ملا اور وہ سمجھتے تھے کہ پی ٹی آئی کا لیڈر جیل میں ٹوٹ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت سپریم کورٹ کے حکم کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیتی ہے، ججز کے فیصلوں کو نہ ماننا عدلیہ کی تذلیل ہے، جبکہ 27ویں ترمیم کے بعد عدلیہ مفلوج ہوگئی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں کو انصاف نہیں دیا جا رہا، بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکالنا ہے۔ اگر عوام سوئے رہے تو لٹیرے اقتدار میں رہیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button