
لاہور:(بیوروچیف)لاہور ہائیکورٹ کی نئی 11 منزلہ عدالتی عمارت میں 12 ججز کو عدالتیں باقاعدہ طور پر الاٹ کر دی گئی ہیں، جبکہ تمام متعلقہ ججز نے اپنی نئی عدالتوں میں منتقل ہو کر مقدمات کی باضابطہ سماعت کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں جگہ کی کمی دور کرنے اور عدالتی گنجائش بڑھانے کے لیے تعمیر کی جانے والی نئی 11 منزلہ عمارت کی مختلف منزلوں پر ججز کی عدالتیں قائم کی گئی ہیں۔
نئی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر جسٹس امجد رفیق، جسٹس فاروق حیدر، جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر اور جسٹس خرم محمود صادق کو عدالتیں الاٹ کی گئی ہیں۔ پہلی منزل پر جسٹس مزمل اختر شبیر، جسٹس عاصم حفیظ، جسٹس احمد ندیم ارشد اور جسٹس رسال حسن سید کی عدالتیں قائم کی گئی ہیں،
دوسری منزل پر جسٹس جاوید اقبال وینس، جسٹس حسن نواز مخدوم، جسٹس خالد اسحاق اور جسٹس وقار حیدر اعوان مقدمات کی سماعت کریں گے۔
عدالتوں کی اس منتقلی اور نئے کمرہ عدالتوں کےفعال ہونے سے لاہور ہائیکورٹ میں جگہ کی دستیابی اور عدالتی امور کی انجام دہی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اس اقدام سے ججز، وکلا اور سائلین کو بہترین ماحول میں کارروائی آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ 11 منزلہ عمارت میں مرحلہ وار دیگر عدالتی و انتظامی شعبوں کو بھی منتقل کیا جائے گا، جسے عدالتی انفراسٹرکچر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



