پشاور، کوئٹہ (ویب ڈیسک) سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران 14 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔ ان میں 3 مطلوب خوارج بھی شامل ہیں۔ بلوچستان میں کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے اور بارودی سرنگیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں 8 خارجی ہلاک
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر دو الگ الگ کارروائیاں کی گئیں۔ ان میں 3 اہم مطلوب خوارج سمیت 8 خارجی ہلاک ہوئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں آپریشن کے دوران اہم خارجی سرغنہ کلیم جان سمیت 2 خارجی مارے گئے۔ ضلع ٹانک کے علاقے جنڈولہ میں دوسری کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ ان میں انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ طاہر عرف ملنگ اور خارجی سرغنہ واحد عرف درویش بھی شامل ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور فتنہ الخوارج کے دیگر عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک یہ سلسلہ بلاتعطل جاری رہے گا۔
تربت میں 6 دہشتگرد ہلاک
دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے 27 نومبر کو بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر 2 کامیاب کارروائیاں کیں۔ ان میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق میرانی ڈیم کے علاقے میں کارروائی کے دوران 4 دہشتگرد مارے گئے۔ علی گوہرام اور چہلم گاؤں میں مشترکہ کارروائی کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ میرانی ڈیم کے علاقے میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے اور بارودی سرنگیں بھی تباہ کی گئیں۔
اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد
کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں سے بھاری اسلحہ، 60 کلو دھماکہ خیز مواد، آئی ای ڈی بنانے کا سامان، موٹر سائیکلیں، مواصلاتی آلات، فتنہ الہندوستان کے جھنڈے اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں امن و امان برقرار رکھنے اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک یہ سلسلہ بلاتعطل جاری رہے گا۔



