
لاہور (سلمان حسین) اے سی سی رائزنگ سٹارز فائنل آج پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔
چوتھے ٹائٹل پر نظریں
دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز چوتھی مرتبہ ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ٹیم نے ٹورنامنٹ کے 8 ایڈیشنز میں چھٹی مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
پاکستان شاہینز اس سے قبل 2019ء، 2023ء اور گزشتہ ایڈیشن میں ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست
عبدالصمد کی قیادت میں پاکستان شاہینز موجودہ ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست ہیں۔ ٹیم نے گروپ مرحلے کے تینوں میچز جیتے اور سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔
سیمی فائنل میں حسن نواز اور شاہزیب خان نے نصف سنچریاں سکور کیں، جبکہ فرحان یوسف نے 39 گیندوں پر ناقابلِ شکست 46 رنز بنائے۔



