پاکستانتازہ ترین

ن لیگ کے نجیب نقی صدر آزاد کشمیر منتخب، حلف اٹھا لیا

ڈاکٹر نجیب نقی نے 32 ووٹ حاصل کیے، پیپلز پارٹی کے امیدوار لطیف اکبر کو 13 ووٹ ملے، نومنتخب صدر نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

مظفرآباد (ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی آزاد جموں و کشمیر کے 25ویں صدر منتخب ہوگئے۔ انہوں نے 32 ووٹ حاصل کیے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر کو 13 ووٹ ملے۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 45 ارکان نے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ کاسٹ کیے جبکہ پولنگ دوپہر ایک بجے تک جاری رہی۔ ایک رکن اسمبلی اجلاس میں غیر حاضر رہا۔

صدارتی انتخاب میں کامیابی کے بعد ڈاکٹر نجیب نقی نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی، طارق فضل چودھری، رانا ثنا اللہ اور امیر مقام سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کی مبارکباد

بعد ازاں وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر ریاست منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر آزاد جموں و کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کا انتخاب آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب صدر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

آزاد کشمیر کونسل کی 4 نشستوں پر انتخابی شیڈول جاری

دریں اثنا آزاد جموں و کشمیر کونسل کی 4 خالی نشستوں پر انتخابات کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اسمبلی ارکان 12 اکتوبر کو اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

چار منتخب اراکین کی مدت 19 ستمبر کو مکمل ہونے کے بعد نشستیں خالی ہوئی تھیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button