پاکستانتازہ ترین

12ویں تک نئے نصاب کی منظوری، اساتذہ کی مینٹل ہیلتھ ٹریننگ کا فیصلہ

کتابوں کا بوجھ 25 فیصد کم کرنے، رٹے کے رجحان میں کمی اور طلبہ کے لیے آن لائن کونسلنگ کا فیصلہ، مریم نواز نے مارچ سے قبل نصابی کتب کی پرنٹنگ مکمل کرنے کی ہدایت کر دی

لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سکول ایجوکیشن کے نئے نصاب کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں انگلش، میتھ، سوشل سٹڈیز، اردو اور ارلی چائلڈ ہُڈ کریکولم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے کریکولم کی تشکیل سے نصابی کتب کا بوجھ 25 فیصد کم ہونے کے ساتھ طلبہ میں رٹے کے رجحان میں بھی کمی آئے گی۔ نئی نصابی کتابوں میں کیو آر کوڈز شامل کیے جائیں گے، جنہیں سکین کرکے طلبہ متعلقہ موضوع سے متعلق ویڈیو سبق بھی دیکھ سکیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کلاس اول سے بارہویں جماعت تک اے آئی نصاب بھی طلب کر لیا جبکہ مارچ سے قبل نصابی کتب کی پرنٹنگ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پیکٹا کی جانب سے تشکیل دیے گئے نئے تعلیمی نصاب کا جائزہ لینے کے بعد اس کی باضابطہ منظوری بھی دی۔

اجلاس میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذیلی ادارے پیکٹا سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اساتذہ کی مینٹل ہیلتھ ٹریننگ کا فیصلہ

اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ اساتذہ کی نفسیاتی معاونت کے لیے مینٹل ہیلتھ ٹریننگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ طلبہ کو جسمانی سزا سے روکنے کے لیے قانون سازی پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ہر ضلع میں وزیٹنگ فیکلٹی سائیکالوجسٹ تعینات کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا جبکہ طلبہ کو آن لائن کونسلنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

جسمانی سزا کے متبادل کے طور پر کلاس رومز میں ڈسپلن کارنر قائم کرنے کی تجویز بھی اجلاس میں پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ پنجاب بھر میں ہفتے کا دن ٹیچر ٹریننگ کے لیے مختص کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نئی نصابی کتابوں کے مصنفین خود اساتذہ کی تربیت کریں گے۔

سرکاری سکولوں میں بہترین تعلیمی ماڈل دیکھنا چاہتی ہوں: مریم نواز

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں بہترین ایجوکیشنل ماڈل دیکھنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی نصاب کے ساتھ ساتھ لیبارٹریز بنانے پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

مریم نواز نے کہا کہ وسائل کی کمی نہیں، تاہم اب وسائل کے ضیاع کو روکنا ہوگا۔ پرائمری سکولوں پر خصوصی محنت اور توجہ دینی چاہیے تاکہ طلبہ کی تعلیمی بنیاد مضبوط ہو۔

انہوں نے بتایا کہ 12 اضلاع کی 31 تحصیلوں میں 35 ہزار اساتذہ کی انگلش لرننگ مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مار پیٹ کا ڈرامہ بچے کی زندگی پر تاحیات اثر انداز ہوتا ہے۔

مریم نواز کے مطابق پنجاب کے سکولوں میں ڈیجیٹل لٹریسی بڑھانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر نجیب نقی کو مبارکباد

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو آزاد جموں و کشمیر کا 25واں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر نجیب نقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button