لاہور(بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کے نرخوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی ویڈیو لنک اجلاس طلب کر لیا، جس میں متعلقہ حکام نے صوبے میں گندم اور آٹے کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے عوام کو ہر صورت سستا آٹا اور گندم فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کا بوجھ پنجاب کے عوام کے لیے بے حد تکلیف دہ ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
اجلاس میں فلور ملوں کو 3,800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جانے والی سبسڈائز سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ سستے آٹے کی مسلسل اور یقینی فراہمی کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس ضمن میں سبسڈی کی منظوری بھی دے دی۔
اجلاس میں مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس صورتحال کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سستا آٹا اور سستی روٹی فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔



