پٹرول،ڈیزل کی قیمتوں میں پھربڑا اضافہ،بجلی بھی مزید مہنگی

لاہور:(بیوروچیف)پیٹرول اور ڈیزل آج پھر مہنگا ہوگیا، نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول 3 روپے 40 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوگیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا۔
اس اضافے کے ساتھ پیٹرول کی نئی قیمت 367 روپے 75پیسے فی لیٹر ہوجائے گی، جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 392روپے67پیسے فی لیٹر مقرر ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں 10ستمبر کیلئے ہیں جن کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد ہوگا۔

دریں اثنا ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں صارفین پر 12 ارب 67 کروڑ روپے سے زائد کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق رواں سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 52 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اضافی رقم ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بجلی بلوں کے ذریعے وصول کی جائے گی، یعنی صارفین کو مسلسل تین ماہ تک ہر ماہ 52 پیسے فی یونٹ اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
بجلی کی قیمت میں کیا گیا یہ اضافہ کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے تمام بجلی صارفین پر لاگو ہوگا۔
واضح رہے کہ نیپرا نے اس سے قبل سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی تھی، وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نیپرا نے اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔



