انٹر نیشنلبلاگپاکستانتازہ ترینکاروبار
اے او ٹی ایس کلچرل نائٹ،جاپانی سفیر اکاماتسو شویچی کی شرکت
ثقافتی تقریبات عوامی روابط اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دیتی ہیں:اکاماتسو شویچی، جاپان دنیا میں معاشی، ٹیکنالوجی اور سماجی ترقی کاشاندار ماڈل ہے: سید ندیم شاہ

لاہور: (کامرس رپورٹر) ایسوسی ایشن آف اوورسیز ٹیکنیکل اسکالرشپس (AOTS) جاپان اور اے بی کے ڈوسوکئی کے زیر اہتمام 24ویں سالانہ کلچرل نائٹ کی پروقار اور رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات، ثقافتی ہم آہنگی اور تجارتی روابط کے فروغ کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر اکاماتسو شویچی تھے، جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ، ان کی اہلیہ اور سابق صدر کوئٹہ چلتن لائنز کلب خدیجہ ندیم، مشیر سرمایہ کاری بورڈ اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سید فیروز شاہ سمیت ممتاز صنعت کاروں، تاجروں اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے میزبان چیئرمین ایسوسی ایشن آف اوورسیز ٹیکنیکل اسکالرشپس جاپان لاہور ریجنل سنٹر نبیل ہاشمی اور جنرل سیکرٹری رانا مشتاق احمد نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا،تقریب میں جاپانی اور پاکستانی ثقافت کے خوبصورت امتزاج کو اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماتسو شویچی نے کہا کہ ثقافتی تقریبات مختلف ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں،پاکستان اور جاپان کے دیرینہ تعلقات باہمی احترام، امن، ترقیاتی تعاون اور خوشحالی کے مشترکہ عزم پر استوار ہیں۔
جاپانی سفیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسی ثقافتی اور سماجی تقریبات دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو فروغ دینے کیسا تھ ساتھ کاروباری اور اقتصادی تعلقات کو بھی نئی جہت فراہم کریں گی۔مشیر سرمایہ کاری بورڈ اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سید فیروز شاہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجر اور سرمایہ کار دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں،جاپان اور پاکستان کے درمیان معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ جاپان دنیا بھر میں معاشی، ٹیکنالوجی اور سماجی ترقی کا ایک شاندار ماڈل بن چکا ہے، جہاں مادی ترقی کے ساتھ انسانی اقدار کا احترام بھی نظر آتا ہے لہٰذاپاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں جاپانی ماڈل اور ٹیکنالوجی کو اپنا کر معیشت، تعلیم، صحت، پولیس ریفارمز، سیوریج اور واٹر ٹریٹمنٹ، ماحولیات، ٹریفک نظام اور شہری سہولیات کے شعبوں میں اصلاحات لائیں۔تقریب میں شریک بزنس مینوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستی، ثقافتی روابط اور تجارتی تعاون کے فروغ کیلئے ایسی تقریبات کا انعقاد جاری رہنا چاہیے۔



