انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترینسپورٹس

ایشین گیمز، پاکستانی ایتھلیٹس کی شرمناک کارکردگی جاری ،نااہل تاحال اعلیٰ عہدوں پربراجمان

لاہور( رپورٹ: محمد قیصر چوہان)پاکستان میں مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کے اعلیٰ عہدوں پرکئی سال سے براجمان نااہل افراد کی جانب سے میرٹ کا قتل عام جاری ہے ، اقربا پرور ی اور پسند نا پسند کی وجہ سے پاکستان میں کرکٹ سمیت تقریبا تمام کھیل تباہی و بربادی کی تصویر بن گئے ہیں ۔

جاپان کے شہر ناگویا میں جاری ایشین گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس کی شرمناک کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے ،سافٹ ٹینس کے بعد ٹرائی تھلون میں بھی شرمناک پرفارمنس سامنے آگئی، خود ساختہ باڈی کے زیر سایہ بغیر ٹرائلز کے منتخب ہونے والے تینوں ایتھلیٹ اپنے متعلقہ ایونٹس میں اپنی ریس بھی مکمل نہ کر سکے ،یوں جاپان میں جاری ایشین گیمز پاکستان میں مختلف کھیلوں کی فیڈریشنوں کے اعلیٰ عہدوں پرقابض افراد کی نااہلی اور انا کی بھینٹ چڑھ کر پاکستان کی بدنامی کا نمونہ بن گئیں ۔

سوئمنگ میں مردوں کے ایونٹ میں علی حسن ابتدائی مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکے انہوں نے 750 میٹر کا فاصلہ 20:11 منٹ میں مکمل کیا،خواتین کے ایونٹ میں ثنا عارف بھی سوئمنگ مرحلے کو مکمل نہ کر سکی۔ موحد صادق لون سائیکلنگ مرحلہ مکمل نہ کر سکے اور انہیں رننگ مرحلے میں حصہ لینے سے روک دیا گیا کہیں وہ بے ہوش نہ ہوجائیں۔

کئی مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی ابتدائی مراحل ہی میں ایونٹ سے باہر ہوگئے، جبکہ بعض ایتھلیٹس اپنی مقررہ کیٹیگری میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ ایشین گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے،جس کے باعث شائقین اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے کھلاڑیوں کے انتخاب،تربیتی سہولیات اوربین الاقوامی سطح کے مقابلوںکی تیاری پر سوالات اٹھائے ہیں ۔

پاکستانی کھیلوں میں میرٹ کا قتل عام ، اقربا پروری اور پسند نا پسند کے الزامات وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہے ہیں لیکن ایشین گیمز کے نتائج نے ان الزامات کو حقیقت ثابت کر دیا ہے۔اب پاکستان سپورٹس بورڈ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ خاموش تماشائی بن کر ملک میں کھیلوں کی بربادی کا مزیدتماشا دیکھنے کی بجائے ان نام نہاد اور خود ساختہ اسپورٹس تنظیموں ، فیڈریشنوں اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن(پی او اے)کے خلاف کارروائی کرے ۔

سابق انٹر نیشنل ویٹ لفٹر محمد زبیر یوسف بٹ کے مطابق بین الاقوامی مقابلوں میں مستقل کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کی میرٹ پر سلیکشن ، طویل المدتی تربیتی منصوبہ بندی، جدید سہولیات، معیاری کوچنگ اور مسلسل بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت اہم کردار ادا کرتی ہے، پاکستانی کھیلوں کیلئے آئندہ مقابلے اہم ہوں گے، جہاں کھلاڑیوں کی کارکردگی اور تیاری اس بات کا تعین کرے گی کہ وہ عالمی سطح پر اپنی پوزیشن کس حد تک بہتر بنا پاتے ہیں۔

سابق انٹر نیشنل ویٹ لفٹر محمد زبیر یوسف بٹ نے جاپان کے شہر ناگویا میں جاری ایشین گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس کی شرمناک کارکردگی کے بعدوزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ایشین گیمز میں شریک پاکستانی دستے کے تمام افراد کی سلیکشن کا طریقہ کار اور پرفارمنس کا جائزہ لیا جا ئے اورمیرٹ سے ہٹ کر سلیکشن کرنے والے افراد اور ایتھلیٹس کے خلاف کارروائی کی جائے جبکہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا 2004 سے لیکر 2026 تک کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button