پاکستانتازہ ترین

نئے صوبے عوام کی مرضی کے بغیر نہیں بن سکتے: سردار سلیم حیدر

لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، بالخصوص غریب اور پسے ہوئے طبقات مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔ نئے صوبے عوام کی مرضی اور اتفاق رائے کے بغیر نہیں بن سکتے، ملک اس وقت کسی بھی زبردستی کے فیصلے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

چنیوٹ میں ہلال احمر کے زیر اہتمام سیلاب متاثرین میں نئے تعمیر شدہ گھروں کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔ غریب اور پسے ہوئے طبقے کو مہنگائی نے سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ دو برس قبل اگر موجودہ نظام نہ چلتا تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کسی بھی زبردستی کے فیصلے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

نئے صوبوں کے لیے اتفاق رائے ضروری

نئے صوبوں کی تقسیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ نئے صوبے عوام کی مرضی کے بغیر نہیں بن سکتے۔ کسی بھی نئے صوبے کے قیام یا صوبوں کی تقسیم کے لیے عوامی رائے اور سیاسی اتفاق رائے ضروری ہے۔ اتفاق رائے کے بغیر کوئی بھی فیصلہ کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کا صرف ملک چلانے کے لیے ساتھ دے رہی ہے، ملکی مفاد میں سیاسی جماعتوں کو باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے فیصلے کرنے چاہئیں۔

ہلال احمر کی سیلاب متاثرین کیلئے خدمات قابل تحسین

گورنر پنجاب نے ہلال احمر کی جانب سے سیلاب متاثرین میں گھروں کی تقسیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیئرمین ہلال احمر پنجاب میاں محمد حنیف کی سرپرستی میں ادارہ انسانیت کی بھلائی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ تقریب کے دوران سیلاب متاثرین میں 26 نئے تعمیر شدہ گھروں کی چابیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔ ان گھروں کی تعمیر پر تقریباً 4 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور مستحق خاندانوں کو رہائش سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فلاحی اداروں کی خدمات قابل قدر ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button