
لاہور:(بیوروچیف/سیدظہیر نقوی) پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چودھری عرفان صادق تارڑ نے پراسیکیوشن کے نظام میں بہتری اور مقدمات کی مؤثر پیروی یقینی بنانے کیلئے ضلع کچہری لاہور کا اچانک دورہ کیا۔
انہوں نے پراسیکیوشن افسران و سٹاف کی حاضری، ڈسپلن اور کارکردگی کا جائزہ لیا جبکہ مختلف مقدمات کا ریکارڈ اور چالان بھی چیک کیے۔ دورے کے دوران متعدد مقدمات کے چالان مقررہ وقت پر عدالتوں میں پیش نہ کیے جانے پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے متعلقہ پراسیکیوٹرز پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ مقدمات کے چالان بروقت عدالتوں میں پیش کرنا پراسیکیوٹرز کی بنیادی ذمہ داری ہے۔چودھری عرفان صادق تارڑ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ’’جو پراسیکیوٹر کام نہیں کرے گا، وہ نوکری میں نہیں رہے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن کے نظام میں غیر ذمہ داری، سستی اور غفلت کی کوئی گنجائش نہیں، پراسیکیوٹرز ریاستی مقدمات کے ذمہ دار ہیں اور ہر کیس کی مؤثر پیروی ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی مکمل تیاری کی جائے، چالان بروقت پیش کیے جائیں اور عدالتوں میں ریاست کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا جائے۔ فرائض میں غفلت، بالخصوص چالان بروقت پیش نہ کرنے کا کوئی جواز قابل قبول نہیں ہوگا۔
پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا کہ غیر حاضر، غیر ذمہ دار اور غفلت کے مرتکب افسران و اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی کو عہدے یا سروس کی بنیاد پر رعایت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ میں پراسیکیوٹرز اور سٹاف کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی جائے گی جبکہ پراسیکیوشن کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اچانک معائنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
چودھری عرفان صادق تارڑ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض مکمل سنجیدگی اور ذمہ داری سے انجام دیں تاکہ ریاستی مقدمات میں مؤثر پیروی اور بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



