پاکستانتازہ ترینسپورٹس

چین میں کرکٹ کی نئی تاریخ رقم ہونے کو تیار، شنگھائی میں پہلی فرنچائز بیسڈ لیجنڈز ٹی 20 لیگ کا اعلان

آٹھ ٹیموں پر مشتمل ورلڈ چیمپئن شپ آف کرکٹ لیگ کا افتتاحی ایڈیشن مئی 2027 میں متوقع، سابق عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز ایکشن میں دکھائی دیں گے

دبئی (سلیمان جاذب) چین میں کرکٹ کے فروغ اور کھیل کو عالمی سطح پر وسعت دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ورلڈ چیمپئن شپ آف کرکٹ (WCC) نے ڈونگیوہوئی اسپورٹس (Dongyuehui Sports) کے اشتراک سے پہلی مرتبہ فرنچائز پر مبنی لیجنڈز ٹی 20 کرکٹ لیگ شروع کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل اس عالمی معیار کی لیگ کا افتتاحی ایڈیشن مئی 2027 میں متوقع ہے، جس میں دنیا کے نامور سابق انٹرنیشنل کرکٹرز شرکت کریں گے۔

یہ منصوبہ چین میں کرکٹ کی ترقی کے حوالے سے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے نئے ممالک اور مارکیٹس میں کرکٹ کے فروغ کی کوششوں کے تناظر میں اس لیگ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی شمولیت بھی چین سمیت دیگر ممالک میں اس کھیل کی مقبولیت بڑھانے کے لیے ایک اہم موقع فراہم کر سکتی ہے۔

اس منصوبے کی بنیاد اکتوبر 2026 میں ورلڈ چیمپئن شپ آف کرکٹ اور ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے ذریعے رکھی گئی۔ ڈونگیوہوئی اسپورٹس صوبہ جیانگ سو کے شہر تائی کانگ میں شاکسی ٹاؤن کرکٹ سینٹر چلاتی ہے۔ معاہدے پر WCC کے چیئرمین پروین شرما اور ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے چیئرمین یونگ ہوئی ٹونگ نے دستخط کیے۔

WCC کے چیئرمین پروین شرما کا کہنا تھا کہ کرکٹ مختلف ثقافتوں اور ممالک کے لوگوں کو جوڑنے کی منفرد صلاحیت رکھتی ہے اور چین اس کھیل کے مستقبل کی ترقی کے لیے انتہائی اہم مارکیٹ ہے۔ مقامی حکام کے تعاون اور ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے عالمی معیار کا کرکٹ ایونٹ منعقد کرنے اور نئی نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

WCC کے بانی امندیپ سنگھ نے کہا کہ چین میں لیگ کا انعقاد شروع سے ان کی خواہش رہی ہے اور حالیہ معاہدہ اس مقصد کو حقیقت کے قریب لے آیا ہے۔ ان کے مطابق اس لیگ کے ذریعے چینی شائقین کو عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کو کھیلتے ہوئے دیکھنے کا موقع ملے گا جبکہ نئے شائقین بھی کرکٹ کی دلچسپی اور سنسنی سے روشناس ہوں گے۔

WCC کو ورلڈ ٹینس لیگ، اسٹارز گالف لیگ اور ورلڈ پیڈل لیگ کے مالکان کی سرپرستی حاصل ہے، جنہیں بین الاقوامی فرنچائز اسپورٹس ایونٹس کے انعقاد اور انتظام کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ دوسری جانب ڈونگیوہوئی اسپورٹس کا مقامی تجربہ اور کرکٹ انفراسٹرکچر اس منصوبے کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے چیئرمین یونگ ہوئی ٹونگ نے کہا کہ ان کا وژن چین کو بڑے عالمی کھیلوں کے مقابلوں کی منزل بنانا اور شاکسی ٹاؤن کرکٹ سینٹر کو ملک میں کرکٹ کا نمایاں مرکز بنانا ہے۔ WCC کے ساتھ شراکت داری سے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی چینی شائقین کے سامنے آئیں گے اور مقامی سطح پر کرکٹ میں شرکت اور دلچسپی بڑھے گی۔

اس لیگ سے چین کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ انہیں ان سابق عالمی کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع ملے گا جو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سمیت بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں۔ کئی سابق کرکٹرز کے لیے چین میں کھیلنے کا یہ پہلا تجربہ بھی ہو سکتا ہے۔

فرنچائز ماڈل کے تحت نجی سرمایہ کاروں اور سرمایہ کاری فنڈز کے لیے بھی چین کی بڑی مارکیٹ میں کرکٹ کے فروغ کے منصوبے میں شامل ہونے کے مواقع پیدا ہوں گے۔ فرنچائز کی ملکیت، تجارتی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے ذریعے اس کھیل کو نئے کاروباری امکانات بھی میسر آ سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق WCC اور ڈونگیوہوئی اسپورٹس کی یہ شراکت داری چین میں کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک نئی اننگز کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے، جس سے نہ صرف عالمی کھلاڑیوں کو چینی میدانوں میں کھیلنے کا موقع ملے گا بلکہ کرکٹ کو حقیقی معنوں میں عالمی کھیل بنانے کی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button